مہنگائی کے باعث سوشل سیکورٹی وظائف میں اگلے چند ماہ میں بڑے اضافے کا امکان

0
24

واشنگٹن (پاکستان نیوز)رواں برس بین الاقوامی سطح پر پیدا ہونیوالے شدید جنگی بحران اور تجارتی تنازعات کے نتیجے میں امریکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے جس کی وجہ سے سوشل سیکورٹی حاصل کرنیوالے لاکھوں افراد کے ماہانہ وظائف میں ایک نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ مارچ کے اوائل میں ایران کے خلاف کی جانے والی فوجی کارروائی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد سے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست اچھال آیا ہے جس کی وجہ سے امریکہ میں ایندھن کی اوسط قیمت 4.51 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں پچاس فیصد کے اس ہوشربا اضافے نے زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے اور ملک میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں تین گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس معاشی دباؤ سے عام صارفین اور خاص طور پر وظیفہ خوار بزرگ شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ تاہم اس صورتحال کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ سوشل سیکورٹی نیٹ ورک مہنگائی کے تناسب سے وظائف میں سالانہ ردوبدل کرتا ہے۔ ماہرین اور غیر جانبدارانہ تجزیہ کاروں کے مطابق سال 2027 کے لیے لاگت زندگی متبادل یعنی کولا کے تحت وظائف میں اضافہ گزشتہ برس کے 2.8 فیصد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ بزرگوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور مالیاتی تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ اضافہ 3.2 سے 3.3 فیصد تک جا سکتا ہے جو کہ جنگی حالات سے پہلے کے اندازوں سے بظاہر دوگنا ہے۔ اگرچہ یہ اضافی رقم گرانی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک بڑی امداد ثابت ہوگی لیکن معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیویارک اور سان فرانسسکو جیسے مہنگے شہروں میں رہنے والے شہریوں کے لیے یہ قومی اوسط شاید پھر بھی ناکافی ثابت ہو کیونکہ وہاں روزمرہ اخراجات کی شرح اس سے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here