
نیویارک (پاکستان نیوز)عدالت کی جانب سے بی بی سی کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کا دس ارب ڈالر کا ہتک عزت کا مقدمہ آگے بڑھانے کی اجازت کے بعد عالمی میڈیا میں ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ یہ پورا معاملہ برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک دستاویزی پروگرام پینوراما میں امریکی صدر کی تقریر کے حصوں کو مبینہ طور پر غلط انداز میں جوڑنے اور ایڈٹ کرنے سے شروع ہوا جو 2024کے صدارتی انتخابات سے کچھ عرصہ قبل نشر کیا گیا تھا۔ اس متنازع ترمیم کے بعد اندرونی میمو بھی لیک ہوئے جن میں سیاسی جانبداری کا انکشاف کیا گیا اور اس سے نشریاتی ادارے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی قانونی ٹیم نے دعویٰ کیا کہ اس غیراخلاقی اور گمراہ کن تدوین سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا جس پر عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا۔ بی بی سی کی طرف سے دائر کردہ دائرہ اختیار کے عذر کو عدالت نے مسترد کر دیا جس سے مقدمے کی باقاعدہ سماعت کی راہ ہموار ہو گئی۔ اس عدالتی فیصلے کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اس پورے تنازع نے عالمی سطح پر صحافتی ایمانداری اور ضابطہ اخلاق پر ایک بار پھر شدید سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔






