عرب ملکوں سے فوجی اڈے منتقل کرنیکا فیصلہ

0
3

واشنگٹن(پاکستان نیوز) اخبار وال سٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ عرب ممالک میں ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں میں اپنا شدید فوجی نقصان ہونے کے بعد امریکہ نے مشرق وسطی میں اپنے بعض فوجی اڈوں اور تنصیبات کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران نے 28 فروری سے شروع جنگ میں سعودیہ، امارات، کویت اور بحرین میں قائم امریکی تنصیبات پر تابڑ توڑ حملے کرکے انھیں تباہ کردیا تھا۔ امریکہ اب یہ فوجی اڈے مغرب ممالک منتقل کردے گا اور اپنی کچھ فوجی تنصیبات کو اسرائیل منتقل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے تاکہ خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھ سکے۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے واحد علاقائی اڈے نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بحرین کو ایرانی حملوں میں تقریبا 40 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچا۔ تاہم پینٹاگون نے اس نقصان کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے نہیں رکھیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی تھنک ٹینک سی ایس آئی ایس کے مطابق جنگ کے آغاز میں ایران کے تباہ کیے گئے دو سیٹلائٹ کمیونیکیشن ٹرمینلز کی مالیت ہی تقریبا 4 کروڑ ڈالر تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملوں میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کا ہیڈکوارٹر، فوجی بیرکیں، کئی گودام اور پینے کے پانی کا ذخیرہ متاثر ہوا۔ امریکی حکام بحرین کے اڈے کی ازسرنو تعمیر کے بجائے وہاں کمانڈ سینٹرز کو زیر زمین منتقل کرنے اور بعض تباہ شدہ عمارتیں دوبارہ تعمیر نہ کرنے جیسے آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق امریکہ کویت اور سعودی عرب میں اپنی فوجی موجودگی بھی محدود کر سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here