نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک کی حکومت نے کرونا ویکسین لگوانے کے لیے فی کس 100 ڈالر کیش انعام کے لیے 25 ملین ڈالر کی رقم مختص کر دی ہے ، میئر ڈی بلاسیو کے مطابق حکومت کی جانب سے متعارف کروائے گئے بونس پروگرام کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ افراد استفادہ کر چکے ہیں ، گزشتہ دو ماہ سے نیویارک میں کرونا ویکسین لگوانے والے ہر شہری کو 100 ڈالر کیش انعام کے طور پر دیا جا رہا ہے ۔ ڈی بلاسیو نے کہا کہ 100 ڈالر کیش انعام کا بونس اس لیے شہریوں کو دیا گیا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانے کی طرف راغب ہوں ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو شکست دینے کا ایک ہی واحد راستہ ہے جس کو ویکسین کہا جاتا ہے ، ویکسین لگوا کر ہی ہم کرونا کو شکست سے دوچار کر سکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ 18 سے 35 سال کے شہریوں کو مہلک وائرس سے بچائو کے لیے ویکسین لگائی جا رہی ہے ۔ 100ڈالر کیش انعام کے ساتھ مختلف ریاستوں میں سٹی فٹ بال کلب کے پاسز ، ٹکٹس ، فیئری سسٹم کی 10 رائیڈز سمیت مختلف سہولیات کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔