بیم اور اینٹیں گرنے سے اقوام متحدہ اور گرینڈ سنٹرل اسٹیشن کو جانیوالے راستے بند

0
3

نیویارک (عظیم ایم میاں)نیویارک سٹی کے سب سے مصروف اور مرکزی علاقے میں واقع ایک 38 منزلہ بلند و بالا عمارت کے 21 ویں فلور سے اچانک اینٹیں اور بھاری بیم گرنے کے باعث شدید ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس حادثے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت اقوام متحدہ کی ہیڈکوارٹر بلڈنگ کو جانے والے تمام اہم راستے اور شاہراہیں آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پبلک اور ٹریفک کے شدید ہجوم کو قابو کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے 100 سے زائد اعلیٰ افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ گرینڈ سنٹرل اسٹیشن سے لے کر اقوام متحدہ کو جوڑنے والی 42 اسٹریٹ اور اس سے ملحقہ پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ کسی بھی بڑے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پولیس نے پیدل چلنے والے شہریوں کو حادثے والی جگہ کے قریب جانے سے روک دیا اور انھیں کئی بلاک دور متبادل راستوں پر چلنے کی سخت ہدایات جاری کی جاتی رہیں۔ محکمہ عمارات اور مقامی حکام کے مطابق اس خطرناک واقعے میں خوش قسمتی سے ابھی تک کسی جانی نقصان یا کسی شہری کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ امدادی ٹیمیں عمارت کے متاثرہ حصے کو مزید نقصان سے بچانے اور سڑکوں پر گرا ہوا ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ بند راستوں کو جلد از جلد دوبارہ کھولا جا سکے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here