ISNA کنونشن میں عبدالسید کی شرکت اور مفتی طارق کیساتھ الحاق پر شدید تنقید

0
4

نیویارک (پاکستان نیوز) مشی گن کے سینٹ امیدوار پر ایک ایسے مقرر کے ساتھ ایک ہی کنونشن میں شرکت کرنے پر اعتراضات جنم لے رہے ہیں جن پر معصوم بچی سے زبردستی شادی اور متنازع بیانات کا الزام ہے۔ مشی گن سے ڈیموکریٹک پارٹی کے سینٹ کے امیدوار عبدالسید کے حوالے سے ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ ڈیٹروائٹ میں منعقد ہونیوالے اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ ISNAکے سالانہ کنونشن میں شرکت کر رہے ہیں، جہاں ان کے ساتھ پاکستانی عالم مفتی طارق مسعود اور دیگر متنازع شخصیات بھی مقررین کی فہرست میں شامل ہیں۔ مفتی طارق مسعود کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ کنونشن کے دوران نوجوانوں میں ذہنی صحت اور صدمات سے بچاؤ کے موضوع پر پینل کی صدارت کریں گے۔ تاہم، ماضی میں ان کے مبینہ بیانات اور اعترافات پر شدید ردعمل سامنے آ چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے 2021ء میں ایک خطبے میں اپنی 13سالہ بھانجی کی زبردستی شادی کروانے کا اعتراف کیا تھا اور پیروکاروں کو بھی اسی طرح کے قدم اٹھانے کا مشورہ دیا تھا، جس کی بنا پر 2024ء میں کینیڈا کے ایکٹیوسٹس نے ان کے ویزے کی منسوخی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر یہودی برادری کے خلاف توہین آمیز الفاظ اور نظریہ سازی کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔ کنونشن میں دیگر متنازع شخصیات جیسے کہ سابق پاکستانی صدر عارف علوی، سراج وہاج اور یاسر قاضی کی شرکت کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ دوسری طرف عبدالسید کی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عبدالسید کسی دوسرے مقرر کی باتوں یا خیالات کی توثیق نہیں کرتے اور وہ محض اپنے مخصوص پینل میں عوامی خدمت، اتحاد اور انصاف کے موضوع پر بات کریں گے۔ اس شرکت کے بعد سیاسی حلقوں بالخصوص یہودی ڈیموکریٹس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا عبدالسید آنے والے عام انتخابات سے قبل اپنی سیاسی سمت کو اعتدال پسند بنا پائیں گے یا نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here