اسلام آباد(پاکستان نیوز)پاکستانی سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک کے شمال مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں پر بزدلانہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 49 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر سیکورٹی اداروں نے ان اپریشنز میں تیزی لائی ہے۔ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ صوبہ خیبر پختونخوا میں رواں ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 12 عسکریت پسند مارے گئے۔ دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں میں مزید 37 عسکریت پسندوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ پاک فوج کے بیان میں ہلاک ہونے والے عناصر کو فتنتہ الخوارج اور فتنتہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد قرار دیا گیا ہے۔ یہ وہ مخصوص اصطلاحات ہیں جو حکومت پاکستان بالترتیب کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ علیحدگی پسند گروہوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔ پاکستان ایک طویل عرصے سے یہ الزام عائد کرتا رہا ہے کہ یہ دونوں دہشت گرد گروہ افغانستان کی سرزمین کو اپنے محفوظ ٹھکانوں کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور انہیں بھارت کی جانب سے مالی و لاجسٹک معاونت حاصل ہے۔ تاہم افغانستان اور بھارت دونوں نے ہمیشہ ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ اپریشنز مسلسل جاری رہیں گے۔










