امریکہ میں 703 ملین ڈالر کافراڈ، 5پاکستانی نامزد

0
10

نیویارک (پاکستان نیوز) میڈی کیئر میں 703 ملین ڈالر سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں اور جعلی دعووں کے الزام میں پانچ پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ صحت کے شعبہ تفتیش کے مطابق پاکستان میں قائم ہیلو انٹرنیشنل مارکیٹنگ سولیوشنز نامی کال سینٹر کے ذریعے امریکی شہریوں کے حساس طبی قوائف اور شناختی نمبرز حاصل کیے گئے۔ بعد ازاں ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے کرونا وائرس کے متعدی ٹیسٹ کٹس، طبی آلات اور جینیاتی ٹیسٹوں کے نام پر کروڑوں ڈالر کے فرضی دعوے میڈی کیئر کو جمع کروائے گئے، جبکہ متعلقہ مریضوں نے ایسی کسی خدمت یا سامان کی کبھی درخواست ہی نہیں کی تھی۔ تفتیشی اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ اس مہم میں امریکی شہریوں کی جعلی منظوری اور رضامندی ظاہر کرنے کے لیے جدید ترین مصنوعی ذہانت کی تکنیک سے تیار کردہ جعلی آوازوں کا سہارا لیا گیا تاکہ دھوکے پر مبنی ان دعووں کو قانونی اور درست ثابت کیا جا سکے۔ امریکہ کے عدالتی امور اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس بڑے منصوبے میں شامل چار اہم ملزمان ملک سے فرار ہو چکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ امریکی حکام نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف فی الوقت صرف الزامات عائد کیے گئے ہیں اور عدالت میں حتمی فیصلہ آنے تک قانون کی نظر میں تمام نامزد افراد کو بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here