اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی بینک نے کموڈیٹی آئوٹ لک رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطی کشیدگی کے باعث رواں سال توانائی و خوراک کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال اجناس کی قیمتیں23 فیصد، توانائی کی32 فیصد تک بڑھ سکتی، برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت 91 ڈالر بیرل تک رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق2027 کے دوران اجناس کی عالمی قیمتیں 7فیصد کم، برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت79 ڈالر بیرل تک آنے کا امکان ہے، مجموعی کمی کے باوجود2027 میں خوراک کی قیمتوں میں مزید7فیصد اضافے کا خدشہ برقرار رہے گا،کیونکہ مشرقِ وسطیٰ کشیدگی سے سپلائی چین کے متاثر ہونے سے توانائی کی قیمتوں پر دبائو بڑھ رہا، یوکرین جنگ سے اجناس کی ترسیل متاثر ہے، ال نینو کے ممکنہ اثرات سے زرعی پیداوار کو نقصان کا خدشہ ہے۔ عالمی بینک نے پیشگوئی کی کہ رواں مالی سال پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں 6 فیصد،چین میں6 فیصد، امریکا میں3 فیصد کمی جبکہ برازیل اور بھارت میں1،1 فیصد اضافے متوقع ہے،مجموعی طور پر عالمی سطح پر 3 فیصد کمی کا امکان ہے۔عالمی بینک کے مطابق توانائی و خوراک کی قیمتوں میں اضافہ سے مختلف ممالک میں مہنگائی کا دبائو بڑھ سکتا، اس کے اثرات عالمی معیشت پربھی مرتب ہوںگے۔














