اس ہفتے منعقد ہونیوالے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج اب بڑی حد تک سامنے آچکے ہیں اور اس بات کی غمازی کررہے ہیں کہ جمہوری رائے عامہ موجودہ ورلڈ آرڈر سے قطعاً مطمئن نہیں۔ شاید اسی نئے باب کی نوید کے لیے ہی پروین شاکر نے کہا تھا کہ!
حرفِ تازہ نئی خوشبو میں لکھا چاہتا ہے
باب اک اور محبت کا کھلا چاہتا ہے
عالمی دنیا کا گذشتہ سو سالوں سے بھی شاید زیادہ طویل عرصے تک کا بہت بڑا المیہ فلسطین کی پاک سرزمین پر صیہونی طاقتوں کا ناجائز قبضہ رہا ہے۔ عالمِ مغرب کے تعاونِ خاص سے وہاں کے کمزور و معصوم باشندوں پر کئے جانے والے مظالم کی تو اب کوئی حد ہی نہیں رہی۔ ان مظالم کا آغاز تو جنگی جھڑپوں اور معاشی ناانصافیوں سے ہوا تھا لیکن پھر بڑھ کر بڑی منظم جنگوں سے ہوتے ہوئے معاملہ نکبہ جیسے سانحہ تک جا پہنچا۔ لاکھوں فلسطینی جلا وطن ہوکر مختلف ممالک میں پناہگزیں بنے اور نسل در نسل عارضی کیمپوں میں رہائش کی صعوبتیں برداشت کیں مگر ظلم و ستم کا دور ختم نہ ہوسکا۔ اس دوران صیہونی طاقتوں نے مغرب کے سیاسی اور معاشی نظام کو اس طرح جکڑا کہ اسرائیلی حکومت کی مخالفت میں چند الفاظ کہنا بھی ناممکن ہو گیا۔ امریکہ کی اس غیر مشروط اور ناجائز مدد کے بل بوتے پر فلسطینیوں کے بنیادی حقوق بھی چھین لئے گئے۔ اپنی ہی سرزمین پر دوسرے درجے کے شہری بن کر رہنے والے صبح و شام اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے کئے جانے والی تذلیل کا شکار ہوتے رہے۔ اسرائیلی جیلوں میں ناحق قید کاٹنا تو ایک معمول بن گیا تھا۔ اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر بیسیوں بے گناہ افراد شہید بھی کئے جاتے رہے۔ انسانی جانوں کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی بھی ایک معمول بن گئی۔ کمزور فلسطینیوں کے معاملے میں اللہ کی رسی بھی دراز سے دراز تر ہوتی رہی۔ اب تو ظلم کا یہ سلسلہ غزہ کے محاصرے سے ہوتے ہوئے نسل کشی تک آپہنچا ہے۔ صرف گذشتہ تین سالوں میں 75ہزار سے بھی زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ ہسپتال تعلیمی ادارے روڈز صاف پانی کے ذخائر اور بلند و بالا رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔ عباس قمر نے یہ شعر کہا تو کسی اور پیرائے میں ہو گا مگر فلسطین کی موجودہ حالتِ زار پر بھی چسپاں ہو سکتا ہے
دیکھ کر زخمِ جگر کہتا ہے مجھ سے چارہ گر
ٹھیک ہے گہرا ہے پر ناسور ہونا چاہئے
غزہ کو اس طرح ناسور بنانے کے خلاف انسانی حقوق کے سب بڑے بڑے علمبردار بالکل خاموش تھے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں نو وارد صومالی نڑاد الحان عمر اور فلسطینی نڑاد راشدہ طلیب نے اپنی ناتواں نسوانی آوازوں میں صیہونی طاقتوں کی جانب سے جاری فلسطینی نسل کشی کی مخالفت میں بھرپور تقریریں کر دیں۔ امریکی کانگریس کی تاریخ میں اس سے پہلے ایسی جرآت کسی نے بھی نہیں کی تھی۔ اگر کوئی رکن صیہونی پالیسیوں کے خلاف معمولی سی حرکت بھی کرتا تھا تو طاقت و دولت استعمال کرکے اس رکن کا دوبارہ منتخب ہونا بالکل ناممکن بنا دیا جاتا تھا۔ الحان عمر اور راشدہ طلیب نے مقتدرہ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی مخالفت کے باوجود اپنے الفاظ واپس نہ لئے تو انہیں بڑی بھیانک دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بہرحال انکی ثابت قدمی رنگ لائی اور کچھ عرصے بعد ایوانِ نمائندگان کی دو غیر مسلم خواتین ارکان الیگزینڈریہ اور آیانہ پریسلی نے بھی ان کا بھرپور طریقے سے ساتھ دینا شروع کردیا۔ چار خواتین ارکان کے اس اسکواڈ نے امریکی سیاست کی دونوں بڑی پارٹیوں کے رہنماؤں کی شدید مخالفت کے باوجود غزہ کے معصوم بچوں اور کمزور خواتین کیلئے توانا آواز بلند کی۔ آپس کے اتحاد اور فلسطینیوں کی دعاؤں کے بل بوتے پر صیہونی طاقتوں کی ہزار کوششوں کے باوجود بھی عوام ہر دو سال بعد انہیں اپنے اعتماد کا ووٹ دے کر ایوانِ نمائندگان میں بھیج دیتے ہیں۔ عباس تابش نے شاید ایسی شخصیات کے بارے میں ہی کہا ہوگا کہ
تیرا سورج کے قبیلے سے تعلق تو نہیں
یہ کہاں سے تجھے آیا ہے سبھی کا ہونا
امریکہ کی کانگریس میں مظلوموں اور مجبوروں کے حق میں آواز بلند کرنیوالے مسلمان ارکان کیلئے بعض لوگ علامہ اقبال کی نظم جوابِ شکوہ کا یہ مصرع استعمال کر رہے ہیں کہ پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے۔ میرا استدلال یہ ہے کہ معاملہ یہاں بالکل الٹ ہے۔ آج کے زوال پذیر مغربی معاشرے کو اصلاح کے بعد مسلم نوجوان اپنی کوششوں سے دوبارہ عروج کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں۔ تو کہنا یوں چاہئے کہ فرعون کے محل میں پرورش پانے والا موسیٰ اب فرعونیت ختم کرنے پر تل گیا ہے۔ اس لئے کہ عبدالرحمان سید آدم حماوی الحان عمر اور راشدہ طلیب ہمارے اپنے ہیں۔ انہیں صنم خانے کی پیداوار قطعاً نہیں کہا جاسکتا۔ اسی تناظر میں کسی انقلابی شاعر نے کیا خوب کہا تھا کہ
خونِ مظلوم زیادہ نہیں بہنے والا
ظلم کا دور بہت دن نہیں رہنے والا
ان اندھیروں کا جگر چیر کے نور آئے گا
تم ہو فرعون تو موسیٰ بھی ضرور آئے گا













