امریکہ کی سیاست سے متعلق ایک خبر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل خوش کر دئیے ہیں کہ مشی گن سے عبدالسید امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہو گئے ہیں، اور وہ امریکہ کی تاریخ کے پہلے مسلمان سینیٹر ہوں گے۔ اس انتخابی کامیابی کے پس منظر میں موجود اس سبق کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی مسلم شناخت کو بار بار موضوع بحث بنایا گیا، یہاں تک کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے ان کے مذہب، نام اور نظریات کو نشانہ بنایا، اور ان کی اہلیہ کے حجاب کو بھی سیاسی تنقید کا نشانہ بنایا گیا؛ گویا ایک مسلمان کی کامیابی امریکی شناخت کے لیے کوئی خطرہ ہو۔ لیکن عبدالسید نے نہ تو اپنا نام بدلا، نہ اپنی شناخت چھپائی، اور نہ ہی اس خوف میں مبتلا ہوئے کہ امریکی معاشرے سے ووٹ ملنا کتنا مشکل ہے، بلکہ وہ اپنی اہلیہ کے حجاب سے شرمندہ نہیں ہوئے، بلکہ اس سے جلسوں میں تقریر کرائی۔ انہوں نے مسلم شناخت کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا؛ نیز انہوں نے اپنی کامیابی کے لیے لوگوں سے اپنی مذہبی شناخت قبول کرنے کی بھیک نہیں مانگی، بلکہ اپنی قابلیت، اپنے کام اور مسلسل محنت سے لوگوں کے سامنے اپنا مقدمہ رکھا۔
ان کی انتخابی مہم کا ایک پہلو فلسطین اور غزہ کے مظلوم انسانوں کے حق میں ان کا واضح مؤقف بھی تھا، کیونکہ اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کی مخالفت ان کی انتخابی مہم کا نمایاں حصہ رہی ہے، اور اس انتخاب کو مشرق وسطی کے حالات اور فلسطین کے تناظر سے الگ کر کے دیکھنا بھی ممکن نہیں ہے۔ اس کامیابی کا ایک پیغام یہ ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اپنی شناخت چھپانا ترقی کی شرط نہیں ہے، کیونکہ اپنے ایمان، عقیدے اور تہذیبی شناخت پر شرمندہ ہوئے بغیر بھی دنیا میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ البتہ صرف شناخت پر فخر بھی کافی نہیں ہے، بلکہ اس کے ساتھ علم، قابلیت، سیاسی شعور اور مسلسل محنت بھی ضروری ہے تاکہ انسان اپنی فیلڈ میں اتنا قابل بن جائے کہ اس کی صلاحیت، اس کا کردار اور اس کی کارکردگی خود اس کا تعارف بن جائے۔
کیونکہ اس کامیابی نے وقت کی پیشانی پر تحریر کیا ہے کہ تعصب کا جواب تعصب نہیں بلکہ کردار ہے، اور نفرت کا جواب نفرت نہیں بلکہ قابلیت ہے۔ اس لیے نہ تو شناخت چھپانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی ناشناخت کا شور مچانے کی، بلکہ اپنے ایمان پر ثابت قدم رہتے ہوئے انسانیت کے لیے نافع بن کر دکھایا جائے؛ تاکہ راستے کی تمام رکاوٹیں، تعصبات اور مخالفتیں ہونے کے باوجود اپنے مقصد سے نظریں نہ ہٹائی جائیں، کیونکہ آپ کا کردار اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ آپ کے خلاف پھیلائے گئے تعصبات خود اپنی موت مر جائیں۔ یہ کامیابی ان تمام مسلمانوں کے لیے امید کا پیغام ہے جو دنیا کے مختلف معاشروں میں اپنی شناخت برقرار رکھتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، اور اس بات کا ثبوت ہے کہ کامیابی شناخت چھپانے سے نہیں بلکہ کردار بنانے سے ملتی ہے۔
٭٭٭










