حضورِ مجاہد کی ولادت، حصولِ علمِ دین اور اس کا پس منظر
سید اولادِ رسول قدسی مصباحی ـ قسط 8
1978کی بات ہے اڑیسہ کے دیوبندیوں نے خبر مشہور کر دی کہ مولانا قاری طیب صاحب مہتمم دارالعلوم دیوبند جانشین و نبیرہ مولانا قاسم نانوتوی بحیثیتِ مناظر کٹک آ رہے ہیں۔ یہ خبر سنتے ہی شیرِ اعلیٰ حضرت حضورِ مجاہدِ ملت کے دل کی بانجھیں کھل اٹھیں اور برملا آپ نے تحریری طور پر اس بات کا اعلان فرمایا کہ یہ تو بہت اچھی بات ہے اب تو یہ مناظرہ کل اڑیسہ نہ رہ کر کل ہند ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ قاری طیب صاحب چونکہ جناب نانوتوی صاحب کے جانشین اور پوتے ہیں ان کا زیادہ حق بنتا ہے کہ وہ اپنے دادا کی بدنامِ زمانہ کتاب ”تحذیر الناس” کی کفری عبارت پر ملمع سازی کریں۔ کیونکہ صاحب البیت ادریٰ ما فی البیت، یعنی گھر والا اپنے گھر کے بارے میں زیادہ جانتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ حضرت نے اس بات کا بھی اعلان فرمایا کہ قاری طیب کا دیوبند سے کٹک تک فرسٹ کلاس کا خرچ برداشت کروں گا اور ہزار جسمانی کمزوری کے باوجود قاری طیب سے مناظرہ کروں گا۔ مگر بار بار اس اعلان کے باوجود قاری صاحب کے اندر اتنی ہمت نہ ہوئی کہ وہ حضرت کے مقابلے میں آسکے۔
یہ تھا حضورِ مجاہدِ ملت کا مناظرانہ جاہ و جلال۔ اگر اس پر لکھا جائے تو ایک طویل کتاب تیار ہو سکتی ہے اگر وقت نے وفا کیا تو کسی اور موقع پر اس سلسلے میں سیر حاصل گفتگو کی جائے گی۔واضح رہے کہ فنِ مناظرہ کوئی معمولی فن نہیں ہے۔ اس کے لیے وسعتِ علمِ اعلیٰ اور اک، مختلف فنوں پر دسترس اور حاضر جوابی ناگزیر امور ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت محدثِ اعظم ہند نے حضورِ مجاہدِ ملت کی تبحرِ علمی کے حوالے سے ارشاد فرمایا۔”مجاہدِ ملت شاہ حبیب الرحمن علم کے بادشاہ ہیں۔”
علامہ مشتاق احمد نظامی فرماتے ہیں:”وہ صرف عالم نہیں ایک چلتا پھرتا علم تھا وہ چند کتابوں کا عالم نہیں بلکہ تنہا ایک لائبریری اور کتب خانہ تھا۔ وہ اگر معقولات میں علامہ فضل حق خیر آبادی کی یادگار تھا تو فقہ میں وحید عصر اور یگانہ روزگار وہ اگر تفسیر میں صدر الافاضل کا ترجمان تھا تو فنِ حدیث میں شیخ عبدالحق محدث دہلوی کی شان، وہ جامع معقول و منقول تھا اور حامیِ فروع و اصول۔”
جہاں تک حضورِ مجاہدِ ملت کے علمی افتخار کا تعلق ہے صدر العلماء حضرت مولانا سید غلام جیلانی میرٹھی علیہ الرحمہ کا قول آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ فرماتے ہیں:
”معقولات پر ان کے علاوہ پوری دسترس اگر کسی کو حاصل تھی تو وہ مولانا حبیب الرحمن کی ذات تھی۔ یاد رہے کہ صدرالعلماء ایسے جید اور متبحر عالم کا نام تھا جنہوں نے اپنے زمانے میں فقط معقولات کے ڈھائی عالموں کا وجود تسلیم کیا تھا ان میں سے ایک مجاہد ملت کی ذات تھی۔”












