شکست اور اس کے اثرات!!!

0
7
عامر بیگ

راقم ٹرمپ کی پہلی جیت میں اس کا مخالف اور ہیلری کلنٹن کا نہ صرف ووٹر بلکہ سپورٹر بھی رہا ہے۔ ٹرمپ عورتوں کی وجہ سے الیکشن جیتا کرتا تھا، اب کی بار اس کی مخالف عورت نہیں بلکہ فلسطینی و ایرانی بچوں کی لاشیں اور ایران جنگ کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مہنگائی تھی۔ امریکہ کی سیاست میں 2026ء کے مڈٹرم انتخابات نے ایک ایسی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے جس کے اثرات محض وائٹ ہاؤس یا امریکی کانگریس تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سیاست، مشرقِ وسطیٰ، عالمی معیشت اور بالخصوص ایران کے ساتھ جاری جنگ کے مستقبل پر بھی مرتب ہوں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ریپبلکن پارٹی کو ان انتخابات میں جس بڑی سیاسی مات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے لگتا یہی ہے کہ امریکی عوام اب ٹرمپ کی داخلی اور خارجی پالیسیوں سے مطمئن نہیں رہے اور ایران کے ساتھ جنگ اس عوامی ناراضی کی ایک بڑی وجہ بن گئی ہے جس سے شدید معاشی بحران پیدا ہوا۔ اس وعدے کے باوجود کہ جیت کی صورت میں پانچ ہزار ڈالرز ملیں گے، امریکی عوام نے ٹرمپ کو مسترد کر دیا۔
امریکی انتخابات کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ یہ کامیابی ریپبلکن پارٹی کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ہے اور ٹرمپ انتظامیہ کے لیے معاملات کو کہیں زیادہ مشکل بنا سکتی ہے۔ یہ محض انتخابی نشستوں کی تبدیلی نہیں بلکہ امریکی عوام کی جانب سے حکومتی کارکردگی، معاشی ترجیحات اور خارجہ پالیسی کے بارے میں ایک اہم پیغام بھی ہے۔ ٹرمپ کی انتخابی سیاست کا بنیادی نعرہ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے، امریکی معیشت کو مضبوط کرنے اور امریکی مفادات کو ترجیح دینے پر مبنی تھا، لیکن انتخابات کے نتائج نے یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ آیا عام امریکی شہری کو ان وعدوں کا عملی فائدہ پہنچا ہے یا نہیں۔
امریکی معاشرے میں مہنگائی، رہائش کے اخراجات، صحت کی سہولتوں کی قیمت، روزگار اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید جیسے مسائل سیاسی بحث کے مرکز میں ہیں۔ عام امریکی شہری کے لیے خارجہ پالیسی کی کامیابی سے زیادہ اہم یہ سوال ہے کہ اس کی آمدنی کے مقابلے میں گھر کا کرایہ، خوراک، بجلی، علاج اور دیگر بنیادی ضروریات کتنی مہنگی ہو چکی ہیں۔ ریپبلکن پارٹی کو انتخابی نقصان پہنچانے والے عوامل میں مہنگائی اور زندگی کے بڑھتے اخراجات کے علاوہ حکومتی بدعنوانی کے الزامات اور ایران جنگ بھی شامل رہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی انتخابی رپورٹ نے ان عوامل کو ووٹروں کی ناراضی کے اہم محرکات میں شمار کیا ہے۔
ٹرمپ کے حامیوں کا ایک بڑا حلقہ اب بھی ان کی قوم پرستانہ سیاست اور سخت گیر خارجہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے، لیکن انتخابی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اس حمایت کو پورے امریکی معاشرے کی متفقہ رائے قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایک طرف انتخابی شکست نے ٹرمپ کے سیاسی اختیارات پر دباؤ بڑھایا ہے، تو دوسری طرف ایران کے ساتھ جنگ میں پسپائی یا کسی ایسے معاہدے کو قبول کرنا جسے امریکی عوام کے سامنے کمزوری سمجھا جائے، ٹرمپ کی اپنی سیاسی حکمت عملی کے لیے بھی مشکل ہو سکتا ہے۔ نو نومبر کو ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ عسکری اعتبار سے مؤثر طور پر ختم ہو چکی ہے اور فی الحال بڑے پیمانے پر نئے حملوں کی ضرورت نہیں۔
تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ امریکی بحری ناکہ بندی بھی برقرار ہے اور مذاکرات میں بنیادی اختلافات اب بھی موجود ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن کی موجودہ حکمت عملی میں فوجی دباؤ اور سفارتی مذاکرات دونوں بیک وقت جاری ہیں۔ یہ تو بعد کی بات ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں، لیکن امریکی انتخابات نے ٹرمپ انتظامیہ کو ایک واضح سیاسی پیغام دیا ہے، اور اس پیغام کا عالمی سیاست پر حقیقی اثر اسی وقت سامنے آئے گا جب واشنگٹن اپنی داخلی ترجیحات اور عالمی طاقت کے استعمال کے درمیان کوئی نیا توازن قائم کرے۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here