فیضان محدّث اعظم پاکستان رضی اللہ عنہ
محترم قارئین! حضور نبی کریم ۖ واصحابہ وسَلّم کی برکات امت کو نصیب رہی ہیں، رہتی ہیں اور رہیں گی۔ حضرت یزید بن ابی عبیدہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت سلمہ رضی اللہ عنہ کی پنڈلی پر چوٹ کا نشان دیکھا اور پوچھا: اے سلمہ! یہ چوٹ کیسے آئی؟ سلمہ نے کہا: خیبر کے دن یہ چوٹ آئی تھی لوگوں نے کہا: سلمہ مارا گیا۔ پھر میں نبی اقدس ۖ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپۖ نے چوٹ کی جگہ پر تین بار دم کیا پھر اس وقت سے مجھے کوئی تکلیف نہ ہوئی۔(بخاری شریف) حضرت عبداللہ بن عتیک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے ابورافع(ملعون) کو قتل کیا اور واپسی پر سیڑھیوں سے نیچے گر پڑا۔ میری پنڈلی ٹوٹ گئی۔ میں نے اپنی پگڑی سے پنڈلی کسَ کر باندھ لی۔ پھر حضورۖ کی بارگاہ میں حاضر ہوا۔ اور پورا واقعہ بیان کیا۔ آپ نے فرمایا: اپنا پائوں پھیلائو میں نے اپنا پائوں پھیلا دیا۔ آپ نے اس پر اپنا دست نبوت پھیرا اور وہ بالکل اچھا ہوگیا گویا اسے چوٹ ہی نہیں آئی تھی”(بخاری شریف)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ جب رسول اللہۖ خطبہ پڑھتے تو کھجور کے اس تنے پر ، جو ستون کے طور پر مسجد میں کھڑا تھا، کمر لگا لیتے۔ پھر جب منبر تیارہوگیا تو آپ اس پر خطبہ پڑھنے کو کھڑے ہوئے۔ وہ ستون جس سے کمر لگا کر آپ خطبہ پڑھنے کھڑے ہوئے تھے۔(فراق میں) چلّایا اور قریب تھا کہ (اذیت ہجر کی وجہ سے) پھٹ جائے۔ رسول اللہۖ منبر سے اترے۔ ستون کو ہاتھوں سے پکڑا پھر اس ستون نے بچوں کی طرح رونا شروع کردیا یہاں تک کہ اسے سکون حاصل ہوا۔ آپ نے فرمایا: یہ ستون اس لئے رویا کہ جو بیان یہ سنا کرتا تھا وہ اس نے نہ سنا(بخاری شریف) اللہ اکبر! ہمارے آقا ومولیٰۖ کے عشق ومحبت میں انسان ہی نہیں بلکہ نباتات وجمادات بھی بے تابیاں محسوس کرتے ہیں اور حضور اپنے عشاق کے غموں اور دکھوں کو جانتے ہیں۔ حضورۖ کا کرم رستے ہوئے زخموں کا مرہم اور اٹھتے ہو دردوں کا درماں بن جاتا ہے۔ اس حسن چمن آراء کی زیارت تو بڑی چیز ہے واللہ! ایک لمحے کے لئے اگر یاد آجائیں تو کونین کے غم والم غلط ہوجاتے ہیں۔ اور حرف غلط کی طرف مٹ جاتے ہیں۔ اعلیٰ حضرت عظیم المرتبت امام اھل سنت امام احمد رضا رضی اللہ عنہ نے کیا خوف فرمایا ہے:
ان کے نثار کوئی کیسے ہی رنج میں ہو
جب یاد آگئے ہیں سب غم بھُلا دیئے ہیں
حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضورۖ کی ہمراہی میں دشمنوں سے جہاد کیا۔ میرے پاس پانی کھینچنے والا اونٹ تھا جو تھک گیا تھا۔ آپ نے فرمایا: تمہارے اونٹ کو کیا ہوا؟ میں نے عرض کی: حضور! تھک گیا ہے یہ سن کر آپ میرے اونٹ کے پیچھے کھڑے ہوئے اور اسے ہانکا اور اس کے لئے دعا فرمائی، اس واقعہ کے بعد وہ ہمیشہ دوسرے اونٹوں سے آگے رہتا تھا پھر حضور نے مجھ سے پوچھا: اب تمہارا اونٹ کیسا ہے۔ میں نے عرض کی: آپ کی برکت سے اب خوب چلتا ہے وہ اونٹ حضور نے مجھ سے خریدا۔ اور پھر قیمت کے ساتھ اونٹ بھی مجھے ہی عطا فرمایا(ۖ) (بخاری شریف)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ کے الفاظ پر غور فرمائیں اور سمجھیں کہ صحابہ کرام علیھم الرّضوان کا حضور کے بارے میں عقیدہ کسا تھا؟ اگر ایسے ہی الفاظ آج کا کوئی سادہ دل اور عاشق صادق مسلمان اپنے آقا کی بارگاہ میں عرض کرکے تو فتووں کی مشین گن چلنا شروع ہوجاتی ہے۔ بس جی! شرک ہوگیا، کفر ہوگیا، فلاں فلاں العیاذ باللہ، ایک اور واقعہ اسی طرح کا ملاحظہ ہو۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ چوروں یا دشمنوں کے خوف سے اہل مدینہ گھبرا گئے۔ حضورۖ ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے گھوڑے پر سوار ہوئے جو سست رفتار تھا۔ آپ جب(حالات کا جائزہ لے کر) واپس آئے تو فرمایا: ہم نے اس گھوڑے کو دریا پایا۔(کشادہ قدم اور برق رفتار) پھر وہ گھوڑا اور تیز چلنے لگا کہ کوئی گھوڑا اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا تھا۔ ایک روایت میں ہے کہ اس دن کے بعد کوئی گھوڑا اس سے آگے نہ بڑھ سکا۔ الحمدُللہ! ہم اہلسنت وجماعت نے یہ عقیدہ صحابہ کرام کی کتاب زیست کا مطالعہ کرنے کے بعد اپنایا ہے کہ محبوب خداۖ کے دم قدم سے برکتوں اور رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ حضور، آنِ واحد میں مردہ تنوں کو زندہ کردیا کرتے تھے۔ اور آج بھی اس مسیحائی کا پورا پورا اختیار رکھتے ہیں کوئی زمانہ آپ کے فیض وکرم اور جودو عطا سے خالی نہیں اگر آپ کی نگاہ لطف سے جانوروں کی تقدیریں پلٹ جاتی ہیں تو انسانوں کی کیوں نہ پلٹی ہوں گی۔ بہرحال صعابہ واہل بیت رضی اللہ عنھم کے احترام واکرام کی برکت سے ہی صحیح عقیدہ نصیب ہوسکتا ہے۔ اعلیٰ حضرت مجدّد اعظم امام احمد رضا، نائب اعلیٰ حضرت محدّث اعظم پاکستان محمد سردار احمد قادری رضوی اور شمس المشائخ نائب محدّث اعظم پاکستان قاضی محمد فضل رسول حیدر قادری رضوی رضی اللہ عنھم نے انہیں عقائد ونظریات کا پرچار کیا ہے اللہ تعالیٰ حقائق کو سمجھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے(آمین)۔
٭٭٭٭٭














