وفا شعار خواتین۔۔!!!

0
7
سید کاظم رضوی
سید کاظم رضوی

محترم قارئین کرام آپ کی خدمت میں سید کاظم رضا نقوی کا سلام پہنچے۔ جہاں دنیا میں موجود بہت سے بے وفائی کے قصے اور مرد و عورت کی دونوں طرف سے زیادتی، بے اعتنائی اور خود غرضی کی کہانیاں آئے روز پڑھنے اور سننے کو ملتی ہیں، آج مشرقی اقدار میں موجود اس وفا شعار لڑکی صائمہ کو دیکھیں تو امید جاگ اٹھتی ہے۔ دنیا میں بہت سی ایسی باوفا خواتین موجود ہیں جو ہر حال میں اپنے شوہر کا ساتھ نبھاتی ہیں، آپ ان کا مختصر احوال ملاحظہ کریں۔
پسند کی شادی کے کچھ سال بعد خاوند معذور ہو گیا مگر وفا شعار عورت نے ایک بڑی مثال قائم کر دی، جو صائمہ اور رئیس کی سچی کہانی ہے۔ صائمہ اور رئیس کی بچپن میں منگنی ہوئی تھی اور یہ ایک دوسرے سے محبت بھی کرتے تھے، لیکن جب فیصلے کا وقت آیا تو صائمہ کے والد نے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔ منت سماجت کی گئی مگر جب بات نہ بنی تو صائمہ اور رئیس دونوں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے عدالت میں جا کر نکاح کر لیا اور اپنی نئی زندگی شروع کر دی، جس سے لگ رہا تھا کہ رئیس صائمہ کو بہت خوش رکھے گا۔ شومئی قسمت سے تین سال تو ٹھیک گزرے لیکن اس کے بعد رئیس بیمار رہنا شروع ہو گیا۔ ایک بار اسے شدید ٹائفائیڈ بخار ہوا، بہت علاج کروایا تو آرام تو آ گیا لیکن اس کے بعد رئیس تیزی سے کمزور ہونا شروع ہو گیا۔ اس کے جسم کے پٹھے کمزور ہو گئے اور وہ دنوں میں دبلا پتلا ہوتا گیا۔ دو سال پہلے ایسے حالات بن گئے کہ کمزوری کی وجہ سے وہ خود چارپائی سے کھڑا بھی نہیں ہو سکتا تھا، اور آخر کار یہ مرض معذوری بن گیا۔ اب رئیس مکمل طور پر اپنی بیوی کے رحم و کرم پر ہے۔ رئیس اور صائمہ کے دو بچے ہیں جن میں بیٹی چھ سال کی اور بیٹا تین سال کا ہے۔ صائمہ نے رئیس کو اچھے سے اچھے ہسپتالوں میں بہترین ڈاکٹرز کو دکھایا اور علاج بھی جاری رہا، لیکن آخری بار چند ماہ پہلے آغا خان ہسپتال والوں نے کہہ دیا کہ اس سے زیادہ وہ کچھ نہیں کر سکتے اور شاید بیرون ملک اس کا کوئی علاج ہو۔ مگر بیرون ملک سفر و علاج کی رئیس اور صائمہ میں سکت نہیں ہے اور ان دونوں کا ایک دوسرے کے سوا دنیا میں کوئی نہیں ہے۔ رئیس اور صائمہ کے خاندانوں نے ان کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے، رئیس کے والدین فوت ہو چکے ہیں اور بھائی بہن اپنے اپنے گھروں میں مگن ہیں۔ دونوں کے ساتھ آج تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، اور رئیس نے ایک بار اپنے بھائیوں سے بات کی تو انہوں نے خود غربت کا رونا رو دیا۔ صائمہ ان دنوں سلائی کا کام کرکے اپنے شوہر اور بچوں کی کفالت کر رہی ہے اور اس نے ثابت کر دیا ہے کہ عورت بیوفا نہیں ہوتی بلکہ وہ شوہر پر اپنا سب کچھ نچھاور کرتی ہے کیونکہ عورت کا دوسرا نام ہی وفا ہے۔ رئیس نے مخیر حضرات اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس کی مدد کی جائے تاکہ وہ تندرست ہو کر اپنی بیوی اور بچوں کا کفیل بن سکے۔ دعا ہے کہ اللہ کریم رئیس کے لیے کوئی وسیلہ بنا دے اور وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر کوئی کام کاج کرنے کے قابل ہو جائے۔
ایک طرف یہ وفا شعار بیٹی ہے تو دوسری طرف ایک خود غرض اور شرعی مسائل پر کھیلنے والی بدقسمت عورت کی کہانی کا احسان جو ہم میں نہ رہی۔ بار بار شرعی حق استعمال کرنے والی قصور کی وہ بدقسمت خاتون اپنوں کے ہاتھوں قتل ہوئی اور کوئی اس کا مدعی بننے کو بھی تیار نہ ہوا۔ ڈی پی او قصور آفتاب پھلرواں نے چند ہفتے قبل پیش آئے اس خوفناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک روز پولیس کو اطلاع ملی کہ کوڑے کے ڈھیر پر ایک بند بوری پڑی ہے اور اس پر کتے اکٹھے ہیں جس پر خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ کوئی انسانی لاش ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو یہ ایک پینتیس سے چالیس سالہ خاتون کی لاش تھی جس کی فوری طور پر شناخت ممکن نہ ہو سکی، لیکن جدید وسائل استعمال کرکے مقتولہ کی شناخت کر لی گئی۔ جب اس کے گھر والوں، شوہر، بھائی اور والد سبھی نے مدعی بننے سے انکار کیا اور موقف اختیار کیا کہ اس کے لچھن ہی ایسے تھے اور کوئی ایک ہو تو بتائیں کیونکہ اس کے کئی سجن اور کئی دشمن تھے۔ خاتون رشتے کروانے کا کام کرتی تھی اور جب کوئی تگڑی آسامی دیکھتی تو خود اپنی ہی کہانی چھڑ دیتی تھی، اس لیے گھر والوں نے کہا کہ ہم کسی سے دشمنی کیوں مول لیں اور اچھا ہوا کہ وہ اپنے انجام کو پہنچ گئی۔ ڈی پی او کے حکم پر مقامی تھانے کے ایس ایچ او نے بھائی کو مدعی بنا دیا جس سے پتہ چلا کہ خاتون تین بار کی طلاق یافتہ اور چوتھے شوہر کے نکاح میں تھی، اور ہر چند سال بعد شوہر بدلنا اس کی عادت بن چکا تھا۔ معمولی سی بات پر ہر شوہر کو کہتی کہ طلاق میرا حق ہے اور اگر نہیں رکھنا تو طلاق دو، یوں اسے طلاق ہو جاتی اور پھر یہ تھانے کچہری جا کر سابق شوہر کو بدنام بھی کرتی اور بلیک میل بھی کرتی تھی۔
پولیس نے حقائق سامنے رکھ کر معلومات کی روشنی میں موجودہ شوہر کو شامل تفتیش کیا اور جب پوچھ گچھ کی گئی تو موجودہ شوہر نے ہی گلا گھونٹ کر اپنی بیوی کو مارنے کا اعتراف کر لیا کیونکہ خاتون اس سے بھی طلاق کا مطالبہ کر رہی تھی۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس کام میں مقتولہ کے بھائی کا مکمل مشورہ اور مدد بھی اسے حاصل رہی، جس کے بعد پولیس نے مقدمے کو بدل کر سرکار کی مدعیت میں درج کیا اور مدعی بھائی کو بھی شامل تفتیش کر لیا جس نے مذکورہ بالا حقائق بیان کرکے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزمان اب چالان ہو کر جیل پہنچ چکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ عدالت انہیں سخت سے سخت سزا دینے میں ذرا بھی دیر نہیں لگائے گی۔
قارئین کرام، یہ لڑکی کا اپنا اختیار ہے کہ وہ باوفا ہو کر شوہر پرست عورت کی طرح عزت سے رہے یا پھر ایسے معاشرے کا انتظار کرے جو اس بات کا منتظر ہو کہ وہ غلطی کرے اور اسے معاف نہ کیا جائے۔ ہر انسان اپنے عمل سے اس کا انتخاب خود کرتا ہے، اور دعا ہے کہ ہر بہن بیٹی کا گھر آباد رہے اور وہ ہمیشہ شوہر کے ساتھ خوش و خرم رہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here