امریکہ میں جہاں اظہارِ رائے کی آزادی اور انسانی جان کا احترام سب سے مقدم سمجھا جاتا ہے مگر وطن عزیز پاکستان سے آنیوالی خبروں کا احاطہ کرتے ہی روح کانپ اٹھتی ہے۔ ایک طرف آزاد کشمیر کے پرامن خطے میں راولہ کوٹ سے لے کر مظفر آباد تک عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں، تو دوسری طرف پوری ریاست میں خوف اور جبر کا ایک ایسا سایہ پھیل چکا ہے جس نے ہر حساس دل کو دہلا دیا ہے۔
راولہ کوٹ اور آزاد کشمیر کے دیگر حصوں کے حالات آج اس نہج پر پہنچ چکے ہیں جہاں امن اور قانون کی دھجیاں بکھرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے نام پر قائم نظام جب اپنے ہی شہریوں کے سینوں پر گولیاں برسانے لگے، تو ریاست اور عوام کے درمیان کا یہ رشتہ خطرناک حد تک کمزور ہو جاتا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر ہونیوالے احتجاج اور ہڑتالیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عام آدمی مہنگائی، ناانصافی اور حقوق کی پامالی سے تنگ آ چکا ہے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ان جائز مطالعوں اور پرامن مظاہروں کا جواب کریک ڈاؤن اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کی صورت میں دیا جا رہا ہے۔ مواصلاتی نظام کی بندش اور انٹرنیٹ کی طویل بندش اس بات کا بین ثبوت ہے کہ حقائق کو دنیا کی نظروں سے چھپانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکہ میں بیٹھے ہم جیسے تارکینِ وطن جب یہ دیکھتے ہیں کہ ہمارے پیاروں تک آواز پہنچانا بھی دشوار کر دیا گیا ہے، تو ہمارا دل خون کے آنسو روتا ہے۔
دوسری طرف ملکی سیاسی منظر نامے پر غیر یقینی اور جبر کی ایک اور دردناک داستان رقم ہو رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما عمران خان کی صحت اور ان کی قید تنہائی کے حوالے سے آنیوالی خبریں انتہائی تشویشناک ہیں۔ بشریٰ بی بی کی بینائی چلی جانے کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ عدالت عظمیٰ میں دائر کی جانیوالی درخواستیں اور ان کے اہل خانہ، بالخصوص ان کے صاحبزادے قاسم خان کی جانب سے اٹھائے جانیوالے خدشات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جیل کی ان تاریک دیواروں کے پیچھے قانون اور انصاف کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک کو اتحاد اور اخوت کی ضرورت ہے، سیاسی انتقام کی آگ کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ اور اہم کردار مولانا فضل الرحمن کے موجودہ بیانات اور تقاریر بھی اس بات کی غمازی کرتی ہیںکہ ملک کے اندرونی معاملات کس قدر پیچیدہ ہو چکے ہیں اور سیاسی جوڑ توڑ کا یہ کھیل عوام کے مسائل سے کس قدر لاتعلق ہو چکا ہے۔ جب سیاست دان اور ریاستی ادارے باہم دست و گریبان ہوں، تو خمیازہ ہمیشہ غریب اور لاچار عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ہر طرف قانون کی بالادستی کا جنازہ نکلتا دکھائی دیتا ہے۔ تارکینِ وطن کے دل ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہماری کمائی کا ایک بڑا حصہ پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلاتا ہے، اور بدلے میں صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بہن بھائیوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق میسر ہوں۔ جب راولہ کوٹ میں شہریوں پر گولیاں چلائی جاتی ہیں یا کسی سیاسی رہنما کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جاتا ہے، تو امریکہ میں بسنے والا ہر پاکستانی خود کو غیر محفوظ اور بے بس محسوس کرتا ہے۔
ہماری سیاسی و عسکری قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ جبر اور طاقت کے بل بوتے پر زیادہ دیر تک حکومت نہیں کی جا سکتی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ریاستیں اپنے ہی عوام کے خلاف صفِ آرا ہوتی ہیں، تو کمزور ہونے والا نظام بالآخر خود انہدام کا شکار ہو جاتا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں برسر اقتدار قوتیں ہوش کے ناخن لیں، طاقت کا استعمال فوری طور پر بند کیا جائے، اور عوام کے جمہوری حقوق کا احترام کیا جائے۔ کشمیر سے لے کر خیبر پختونخوا اور بلوچستان تک، ہر جگہ امن اور انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔ اگر آج اس ظلم اور جبر کے نظام کو نہ روکا گیا، تو آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ پاکستان کے کونے کونے سے ہر ذی شعور انسان کی یہی پکار ہے کہ اس ملک کو ذاتی اور گروہی مفادات کی بھینٹ چڑھانے سے بچایا جائے اور قانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔












