واشنگٹن (پاکستان نیوز) امریکہ کا سفر مزید مہنگا ہو گیا ،کاروبار اور سیاحت کیلئے بی ون اور بی ٹو ویزا کے لیے نئی شرائط عائد کر دی گئی ہیں جس کے لیے پہلے 15ہزار ڈالر جمع کرانا ہوں گے، یہ فیصلہ ایسے تارکین کی روک تھام کے لیے کیا گیا جوکہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد زائد مدت کے لیے امریکہ میں قیام کرتے ہیں ، امریکی ویزا بونڈ کا منصوبہ دو ہفتے میں نافذ العمل ہوگا، ابتدائی معلومات کے مطابق محکمہ خارجہ کا نیا پائلٹ پروگرام 20 اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا، نئے پروگرام کے تحت مخصوص ممالک کے تارکین کو ویزا بی ون اور بی ٹو کے لیے امریکہ میں داخل ہونے سے قبل 15 ہزار ڈالر کی ضمانتی رقم جمع کروانا ہوگی، یہ پالیسی ان ممالک کے افراد پر لاگو کی جائے گی جن کے شہریوں کی ویزا مدت سے زائد قیام کی شرح زیادہ ہے ، اگر تارکین اپنی مقررہ مدت کے دوران امریکہ میں قیام کے بعد وطن واپس جاتے ہیں تو ضمانتی رقم ان کو واپس کر دی جائے گی، محکمہ خارجہ کے مطابق نئی پالیسی سے نہ صرف ویزا قوانین کی خلاف ورزی میں کمی آئے گی بلکہ ایک سال میں حکومت کو 20 ملین ڈالر کی آمدن بھی متوقع ہے ، واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے مختلف ممالک کے امیگرنٹ پر 250 ڈالر کی انٹیگریٹی فیس عائد کی ہے جوکہ یکم اکتوبر 2025سے نافذ العمل ہوگی۔











