نیویارک(پاکستان نیوز)امریکہ بھر میں مختلف مذہبی اداروں نے کرونا وائرس کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ کیتھولک چرچز، مذہبی عبادت گاہوں اور مساجد کی بڑی تعداد نے کورونا کے نام پر حکومت سے حاصل کردہ لاکھوں ڈالر کا ناقابل واپسی قرض ہڑپ کر لیا ہے۔ امریکہ بھر میں قائم عبادت گاہوں، چرچ اور مساجد کی بڑی تعداد نے حکومت کی کورونا کے حوالے سے قرض پالیسی سے دو دو ہاتھوں سے خوب فائدہ اٹھایا، حکومت کی جانب سے عائد کردہ شرائط پر پورے اترنے والے اداروں،مذہبی عبادت گاہوں سے قرض کی واپسی کامطالبہ نہیں کیا جاتا ہے اور اس شاندار آفر سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں نے خوب زور لگایا جس میں چرچ کے ساتھ مساجد کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔چرچ، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں نے حکومت سے لاکھوں ڈالر کاناقابل واپسی قرض حاصل کیا اور اس کو کورونا امداد کے نام پر ہڑپ کرلیا ہے اور اب اس قرض کے اخراجات کا حساب لینے والا کوئی موجود نہیں ہے۔تمام عبادت گاہوں نے اپنے اپنے من پسند اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اس قرض کو استعمال کیا اور درجنوں نے اپنے بینک اکاﺅنٹ بھی بھر لیے ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا دین اسلام اس طرح کے فنڈز کو مساجد پر استعمال کی اجازت دیتا ہے۔علماءکرام اس بار خاموش ہیں۔