وفاقی وزیر فواد چودھری اور منتظمین کی کوششوں کے نتیجے میں ہونےوالے ”انوسٹمنٹ ان پاکستان ٹیک کانفرنس“ ملکی معیشت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، پریس کانفرنس سے خطاب
نیویارک(خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری فاروق ارشد نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چودھری کی کوششوں اور ”اوپن سائی فالی“ کے اشتراک سے سان فرانسسکو میں ہونےوالی ”انوسٹمنٹ ان پاکستان“، پاکستانی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے یہ بات نیویارک کے مقامی قائدین چودھری پرویز ریاض امرائ، خاور بیگ، عمران آگرہ، ضمیر احمد چودھری اور محمد مالک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر مقامی ساتھی عامر آفریدی، وسیم سید، سعدیہ تقی، عامر اقبال چودھری، حفیظ اللہ، فوزیہ چغتائی، وسیم سید، طاہر میاں اور رضا دستگیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ فاروق ارشد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد میں ”اوپن سائی فالی“ کے ڈاکٹر نوید شیروانی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ کےساتھ ساتھ ملکی سطح پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم و تربیت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعلیم و تربیت کے سلسلے شروع کرنے کی دعوت دی جائےگی۔ فاروق ارشد نے کہا کہ چپ ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا بھر میں ہر سال 25 کھرب کا بزنس ہوتا ہے۔ پاکستان کا اس بزنس میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے اس شعبے پر خصوصی توجہ دی۔ حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ چپ ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سرمایہ کار اور تعلیم و تربیت دینے والے ادارے پاکستان آئیں۔ پاکستان میں الیکٹرونک چپ نہ صرف تیار ہوں بلکہ انہیں بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ بھی کیا جائے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ ملک میں زر مبادلہ آئے گا اور ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی سے متعقلہ تعلیم و تربیت کے شعبے میں اقدام کے نتیجے میں پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بڑے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ ایک دو سالوں میں مووجدہ حکومت کے دور میں پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑی ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔ چودھری پرویز ریاض امرائ، مرزا خاور بیگ، عمران آگرہ، ضمیر احمد چودھری اور محمد مالک سمیت تحریک انصاف نیویارک کے ساتھیوں نے امریکہ میں ہونےوالی ٹیکنالوجی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کمیونٹی کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے امریکی سرمایہ کاروں اور عوام میں آگہی پیدا کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔