انٹرا پارٹی الیکشن کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں

0
180

پی ٹی آئی نیویارک کے قائدین پرویز ریاض امرائ، مرزا جاوید بیگ، عمران آگرہ، ضمیر چودھری اور عامر آفریدی کی مشترکہ پریس کانفرنس،جوائنٹ سیکرٹری پنجاب فاروق ارشد کی شرکت

نیویارک(خصوصی رپورٹ) نیویارک کے مقامی قائدین نے پارٹی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں جمہوری عمل کی مضبوطی اور فروغ کے سلسلے میں کئے جانےوالے تمام اقدامات کی حمایت و تائید کرتے ہیں اور انہیں خوش آئند سمجھتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن سے قبل ممبر شپ مہم کے دوران بعض جعلی ممبر سازی سمیت دیگر معاملات پر پارٹی ساتھیوں اور کمیونٹی میں جو تشویش ہے اسے بھی دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی سلسلے میں ہم سامنے آئے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ جیسے پارٹی کے اوورسیز الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ جعلی رکنیت کے کیسوں کی نشاندہی کے بعد انہیں فوری کالعدم قرار دیا گیا ویسے ہی رکنیت سازی کے ایسے کیس کہ جن کےساتھ پیش کئے گئے کوائف کی تصدیق نہیں ہوئی کو رکنیت کیلئے اہل قرار نہیں دیا جائےگا۔ ہم پارٹی ساتھیوں اور کمیونٹی ارکان سے بھی کہیں گے کہ اگر کسی کے پاس کسی بھی رکنیت سازی کے حوالے سے کوئی قابل اعتراض معلومات یا مواد موجود ہے تو وہ فوری طور پر ہمارے علم میں لائے ہم اعلیٰ اور متعلقہ قیادت کے علم میں وہ معاملہ لائینگے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف نیویارک کے قائدین کی اس پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن نیویارک کے سرگرم رکن دانش جمشید ملک بھی موجود تھے جن کا نام ممبر شپ مہم کے دوران تحریک انصاف کے ممبر کی حیثیت سے سامنے آیا۔ جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آیا تو پارٹی الیکشن کمیشن نے اس کا نوٹس لیا اور دانش جمشید ملک سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کل پانچ ارکان کی رکنیت سازی کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران تحریک انصاف نیویارک کے عمران آگرہ نے دانش ملک سے کہا کہ ہم نے دانش ملک کی رکنیت سازی کا معاملہ جیسے ہی سامنے اور قیادت کے نوٹس میں آیا اس پر فوری ایکشن لیا گیا۔ اگلے مرحلے میں تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم کر کے بتایا جائےگا کہ اس جعل سازی میں کون ملوث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش ملک کے علاوہ بھی رکنیت سازی کے معاملات میں مزید کیس سامنے آئے تو پارٹی قیادت ان پر بھی فوری ایکشن لے گی۔ پرویز ریاض امرائ، مرزا خاور بیگ، عمران آگرہ، ضمیر چودھری اور عامر آفریدی نے کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں اپنی رکنیت سازی کی تجدید کروالی ہے۔ ہم الیکشن کے عمل میں بھی حصہ لیں گے تاہم ہم الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار بھی ضرور ادا کرینگے۔ پرویز ریاض امرائ، مرزا خاور بیگ، عمران آگرہ، ضمیر چودھری اور عامر آفریدی نے کہا کہ پارٹی ساتھی وفاقی وزیر فواد چودھری کو آئندہ ہفتے نیویارک آمد پر خوش آمدید کہے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here