ترقی پذیر ، ترقی یافتہ ممالک میں ڈیجیٹل تقسیم ختم ہونی چاہئے:منیر اکرم

0
96

نیویارک (پاکستان نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے کو ضروری قرار دے دیا ہے ، اوپن اینڈ ورکنگ گروپ (OEWG) کے پہلے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی میں عالمی تعاون کی ضرورت ہے ، سفیر منیر اکرم نے صلاحیتوں کی تعمیر اور سائبر سیکورٹی کو بڑھانے کے لیے مطلوبہ ٹیکنالوجیز کے اشتراک کے لیے بین الاقوامی تعاون پر زور دیا تاکہ ریاستوں کے درمیان صلاحیتوں اور وسائل میں موجود خلاء کو ختم کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کا وائرس انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے لطف اندوز ہونے پر منفی اثر ڈالتا ہے، بین الاقوامی تعاون کی بنیاد کو ختم کرتا ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔اقوام متحدہ کا رکن ممالک کے درمیان مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں مرکزی کردار ہے، انھوں نے کہا کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ مواصلات اور سیکریٹریٹ کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل کوششوں، بین الاقوامی تعاون، اور کثیر جہتی اور کثیر اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کی ضرورت ہوگی جو بین الاقوامی قانون بشمول انسانی حقوق اور انسانی قانون کے مطابق ہو۔انھوں نے تجویز پیش کی عالمی برادری کو سائبر سیکیورٹی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی امن کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے۔پاکستانی وفد نے چیئر سفیر برہان غفور کو اس اوپن اینڈڈ ورکنگ گروپ کے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here