سیرت رسول سے ایک ورق!!!

0
132
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

ربیع الاول شریف کا مہینہ گزر رہا ہے۔ہمیں سرکار دو عالم کے اوصاف حمیدہ کے بیان کے ساتھ ساتھ اسوہ حسنہ پر عمل کی تلقین بھی کی گئی ہے چونکہ ہمارے لئے نمونہ حیات سرکار دو عالم کی ذات مبارک کے علاوہ اور کوئی نہیں۔سچی بات تو یہ ہے سرکار دو عالم کے معیار پر کوئی پورا اترتا ہی نہیں۔یہ بات تو اب غیر بھی مان چکے ہیں۔کہ زندگی کے کسی شعبہ کو لے لیں سرکار دو عالم نے بے مثال نمونہ چھوڑا ہے۔سرکار دو عالم کی تشریف آوری سے پہلے لوگ بے دھڑک لوگوں کے گھر گھس جاتے جس سے اہل خانہ کو بڑی اُلجھن ہوتی سرکار دو عالم نے گھروں میں داخل ہونے کے آداب بیان کئے اور طریقے سکھائے ،فتح مکہ کے دن صفوان بن اُمیہ نے کلدہ بن حنبل کو سرکار دو عالم کی بارگاہ اقدس میں دودھ اور تازہ سبزیاں دے کر بھیجا ۔سرکار دو عالم وادی کی ایک اونچی جگہ پر تشریف فرما تھے۔کلدہ بن حنبل کہتے ہیں کہ میں پرانی روائیت کے مطابق نہ سلام نہ ہی اجازت سیدھا سرکار کی بارگاہ میں پہنچ کر سامان آپ کے سامنے رکھ دیا۔آپ نے کمال محبت سے فرمایا کلدہ سامان اٹھائواور واپس جائو۔حالانکہ کلدہ اس زمانے میں مسلمان ہوچکے تھے۔آپ نے فرمایا دروازے پر کھڑے ہو کر زور سے کہو۔السلام علیکم ، سلام کے بعد کہو کیا مجھے اندر آنے کی اجازت ہے۔سرکار نے فرمایا ہاں تمہیں اجازت ہے۔اندر آجائو بظاہر یہ معمولی سی بات ہے مگر غور کریں کس خوبصورتی سے تمام حاضرین کو ایک معاشرتی ادب سکھا دیا۔حضرت ابوسعید خدری فرماتے ہیں کہ میں حضرت ابوموسیٰ اشعری اور حضرت عبداللہ بن مسعود کے ساتھ سرکار دو عالم کے ہمراہ ہوا۔سعد بن عبادہ سے ملاقات مقصود تھی۔جب ہم سعد بن عبادہ کے گھر کے دروازے پر پہنچے۔آپ نے زور سے کہا السلام علیکم لیکن کوئی جواب نہ آیا آپ نے دوسری مرتبہ فرمایا السلام علیکم جواب نہ ملا آپ نے تیسری مرتبہ فرمایا السلام علیکم لیکن جواب نہ ملا۔آپ نے فرمایا چلو واپس چلتے ہیں جو ہم پر فرض تھا وہ ادا کر دیا، سرکار دو عالم جب واپس مڑے تو سعد بن عبادہ بھاگتے ہوئے آئے یارسول اللہ تشریف لائیے۔آپ نے فرمایا میں نے تین مرتبہ اجازت مانگی کیا آپ نے سنا نہیں تھا۔عرض کی حضور سنا تھالیکن جو اب آہستہ دیا تھاتاکہ آپ بار بار سلام فرمائیں۔آپ کے سلام کی برکتیں مجھے اور میرے اہل خانہ کو حاصل ہوں۔یہ تو خیر صحابہ کرام کی وہ عقیدت تھی جس کا احاطہ ہمارے جیسے لوگوں کی سوچ نہیں کرسکتی مگر اللہ کے پاک نبیۖ لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کا طریقہ کس خوبصورتی سے بیان فرما دیا،اللہ کریم اسوہ رسولۖ ہمیں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here