کراچی(پاکستان نیوز) چند روز قبل برسوں بعد ملک واپس آنے والے بابر غوری دوبارہ بیرون ملک واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری بدھ کی رات کو خاموشی سے بیرون ملک روانہ ہو گئے۔ سابق وفاقی وزیر کو پاکستان آمد پر کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ متحدہ کے رہنما بدھ کی شب کو رہائی کے بعد کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہو گئے۔ سابق وفاقی وزیر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعہ دبئی روانہ ہوئے، جہاں سے پھر وہ امریکا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ بابر غوری کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی بیرون ملک چلی گئی ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو بے گناہ قرار دینے کی پولیس رپورٹ مسترد کردی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو بے گناہ قرار دیا ، پولیس نے عدالت میں پیش کردہ رپورٹ میں کہا کہ بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ قانون کے تحت رپورٹ بنا کر لائیں ، زیرِ دفعہ 497 کے مطابق نہیں بلکہ زیرِ دفعہ 169 کے تحت رپورٹ بنائی جائے ، اگرآپ کو شواہد نہیں ملے اور ملزم کا مقدمے میں نام نہیں تو اسے رہا کیوں نہیں کیا؟