اوورسیز پاکستانی امریکن کاوفد انسانی حقوق کی بحالی کیلئے پاکستان پہنچ گیا

0
73

نیویارک (پاکستان نیوز) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سرگرم سماجی شخصیت ڈاکٹر نصر شاہد کی قائم کردہ تنظیم Now and Never کی کال پرنیویارک، کیلیفورنیا، لاس اینجلس، نیوجرسی سمیت امریکہ بھر سے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا قافلہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گیا ہے جہاں پاکستانی صحافیوں نے اوورسیز پاکستانیوں کا پرتپاک استقبال کیا، اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان آمد کا مقصد پاکستان میں جمہوریت کی بحالی، پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور عمران خان کو سیاست سے آئوٹ کرنے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے اور ارباب اختیار کی توجہ بنیادی انسانی حقوق کی جانب مبذول کرانا ہے۔ تنظیم Now and Never کی کال پر امریکہ کے علاوہ یورپ، مڈل ایسٹ اور دنیا کے مختلف ممالک سے عمران خان کو سپورٹ کرنے والے مزید اوورسیز پاکستانی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔Now and Never تنظیم کے بانی نصر شاہد کے مطابق دورہ پاکستان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتوں کا پروگرام ہے جس کے دوران ان حکام کی توجہ پاکستان میں عام شہریوں کے بنیادی حقوق کی جانب مبذول کرائی جائے گی، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کوآبائی وطن میں درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہو گی جن میں زمینوں پر قبضے، ائیر پورٹ سے باہر نکلنے پر لوٹ مار اور دیگر مسائل شامل ہیں، اوورسیز کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں 13 جولائی کو ایک سیمینار کا انعقاد کیاجا رہا ہے جس میں چودھری اعتزاز احسن ،سردار لطیف کھوسہ، عابد زبیری سمیت دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی ، پاکستان کا دورہ کرنے والے اوورسیز کی زیادہ تر تعداد پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر ہے لیکن نصر شاہد کے مطابق وہ مصائب کا شکار پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں تاکہ مشکل وقت میں عام لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اس کے ساتھ ارباب اختیار کی توجہ بھی بنیادی مسائل کی طرف مبذول کرائی جائے ۔Now and Never تنظیم کے بانی نصر شاہد کے مطابق دورہ پاکستان سے قبل انھوں نے پاکستانی سفیر سردار مسعود خان سے بھی ملاقات کی، اور انہیں کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی اسلام آباد میں قیام کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں پاکستانیوں کے بنیادی حقوق پر بات کریں گے ،اس کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات اور احساسات سے آگاہ کریں گے ، Now and Never تنظیم کا دعویٰ ہے کہ پہلے مرحلے میں امریکہ اور یورپ سمیت دنیا بھر سے 400سے زائد پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار کے قریب اوورسیز پاکستانیوں کو اسلام آباد میں جمع کرنے کا ہدف ہے ۔اوورسیز پاکستانیوں ، بیرون ممالک کی جانب سے پاکستانی حکومت پر اس سلسلے میں بہت دبائو ہے کہ وہ عوام کے بنیادی حقوق کو صلب کر رہے ہیں ، آزادی اظہار رائے ، جمہوری روایات اور بنیادی حقوق کو کسی طور پر صلب نہیں کیا جا سکتا ہے ، اس سلسلے میں Now and Never تنظیم کی کاوش کو قابل ستائش قرار دیا جا رہا ہے جس طرح انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو دورہ پاکستان کے لیے متحرک کیا ہے اس کی پہلے مثال نہیں ملتی ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کا مشکل وقت میں اپنے پاکستانیوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی ان کی آبائی وطن سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، کہ وہ ہر مشکل گھڑی میںاپنے وطن کے باسیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔امریکہ کے اوورسیز پاکستانیوں کا قافلہ نیویارک کے جان ایف کینڈی ائیرپورٹ سمیت امریکہ کے دیگر شہروں سے پاکستان کے لئے پرواز کر گیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کال پر حکومت وقت اپنے فیصلوںمیں کتنی لچک کا مظاہرہ کرتی ہے ، جبکہ عام انتخابات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کو کیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے ، خیال کیا جا رہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا اتنی بڑی تعداد میں پاکستان کا رخ کرنا ، پی ٹی آئی کے لیے پلس پوائنٹ ثابث ہوگا کیونکہ اس وقت جماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد حوصلہ شکستہ ہے جبکہ ایسی صورتحال کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں اسلام آباد آمد ان کارکنوں کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی کیونکہ پاکستان میں اس وقت پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیاں بالکل صفر ہو چکی ہیں جبکہ کارکن بھی خوف کا شکار ہیں ، اور ان کو گرفتاریوں کا بھی خدشہ ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here