دبئی(پاکستان نیوز) دبئی کے کچھ حصوں میں بدھ کی رات زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے جس سے عمارتیں لرز گئیں۔ عرب نیوز اور العربیہ نیٹ کے مطابق دبئی میڈیا آفس نے ٹویٹ کی کہ ‘جبل علی پورٹ میں لنگر انداز ایک جہاز میں لدے کنٹینر میں آگ بھڑک اٹھی’۔ ‘شہری دفاع کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہیں’۔ بیان میں کہا گیا کہ’ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ آگ قابو میں ہے’۔ دبئی کے رہائشیوں نے بتایا ‘ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی اور گھر کی کھڑکیاں لرزتی ہوئی محسوس ہوئیں’۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے۔ دبئی مرینا کے علاقے میں رہائش پذیر کم از کم چار افراد نے دھماکے کی آواز سنی اور کہا کہ’ دھماکے سے ان کے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے، شیشے ٹوٹ گئے’۔ سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ وڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں جس میں جبل علی پورٹ کے قریب دھماکے کے بعد آگ کے شعلے نظر آرہے ہیں۔ دبئی میں ایک عہدیدار نے العربیہ کو بتایا آگ تجارتی جہاز پر لدے ایک کنٹینر میں ایک حادثے کے نتیجے میں لگی جس میں آتشگیر مواد موجود تھا۔