نیویارک( پاکستان نیوز)امریکہ کے دورے پر آئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا کہ عمران خان سیاست کو مخالفت کی سطح تک لے گئے ہیں، وہ پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر ملک و قوم کے مسائل حل کر سکتے ہیں تو بے شک ایسا کرکے دیکھ لیں مگر انہیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر بھی وہ عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے صدر خالد اعوان کی جانب سے نیویارک میں بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کارکردگی دکھانے میں برُی طرح ناکام رہی ہے، اب عمران خان کی حکومت ابھی جائے یا دو سال میں جائے، انہیں گھر جانا ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پاکستان میں عوامی مسائل میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، ملک کے تمام اداروں کے درمیان ایک ٹکراؤ کی صورت حال ہے جس کی بنیادی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ، انھوں نے کہا کہ ٹکراؤ کی یہ صورت حال اس قدر بڑھ گئی ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی قانون سازی کے موقع پر پرامن طور پر کارروائی آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو پرامن طور پر آگے بڑھانے کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے اسپیکر قومی اسمبلی اپنا نیوٹرل کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کی جانب سے اپوزیشن کو دبانے کی تمام کوششیں سامنے آچکی ہیں، جب تک اسپیکر قومی اسمبلی اپنا کردار اور اپنے منصب کا لحاظ نہیں کریں گے تب تک پارلیمنٹ میں بھی یہ بدمزگی قائم رہے گی۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے ساتھ ٹیم میں چند باتوں پر اختلافات ہوئے مگر اب دوبارہ حالات دونوں پارٹیوں کے درمیان معمول پر آچکے ہیں، مستقبل کے حوالے سے پالیسی دونوں جماعتیں مل کر بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں چند افراد نے یہ کوشش کی کہ ان دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان ٹکراؤ کی صورت حال پیدا کی جائے جس میں انہیں ناکامی ہوئی۔