بچپن زندگی کی وہ صبح ہے جس کی روشنی عمر بھر دل میں بسی رہتی ہے۔ یہ عمر تتلیوں کے تعاقب، کھلونوں سے دوستی اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر کھلکھلانے کی ہوتی ہے، مگر کتنے ہی بچوں کی صبح بارود کے دھوئیں میں گم ہے۔ ان کے کھلونے ملبے میں دبے ہیں، بستے خاموش ہیں اور خواب روٹی کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں۔
جب میں اپنے بچپن کو یاد کرتی ہوں تو دل میں میٹھی سی روشنی پھیل جاتی ہے۔ کتنی خوب صورت تھی وہ بے فکری والی زندگی، جب معمولی خوشی بھی انمول لگتی تھی اور آنے والے کل کی فکر آج کی مسکراہٹ نہیں چھینتی تھی۔ وہ دن یادوں کی دھوپ بن کر آج بھی میرے ساتھ ہیں، مگر پھر جب ان بچوں کو دیکھتی ہوں جنہیں حالات نے وقت سے پہلے بڑا کر دیا ہے، تو اپنی یادوں کی مٹھاس میں ایک گہری کسک محسوس ہوتی ہے۔
ہر سال 20 نومبر کو عالمی یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ اسی تاریخ کو 1959ء میں اقوامِ متحدہ نے بچوں کے حقوق کا اعلامیہ اور 1989ء میں بچوں کے حقوق کا کنونشن منظور کیا۔ یہ دن عالمی ضمیر سے یہ سوال پوچھتا ہے کہ ان وعدوں کا تحفظ کون کرے گا جن پر بچوں کا مستقبل قائم ہے؟ یونیسیف کے مطابق 2024ء کے اختتام تک تقریباً 4 کروڑ 88 لاکھ بچے جنگوں اور تشدد کے باعث بے گھری کی زندگی گزار رہے تھے۔ یہ صرف ایک سال کے دوران بے گھر ہونے والے بچوں کی تعداد نہیں، بلکہ اس وقت بے گھری کا سامنا کرنے والوں کی مجموعی تعداد تھی۔ ہر عدد کے پیچھے ایک نام، ایک گھر اور ایک ادھوری کہانی ہے۔ غزہ سے سوڈان تک، جنگ سے متاثرہ بچوں کا دکھ کسی سرحد میں قید نہیں۔ کسی کو ماں کی آغوش میسر نہیں، کسی کے سر پر چھت نہیں اور کوئی بھوک، بیماری اور خوف کے سائے میں سانس لے رہا ہے۔ جہاں لوریاں گونجنی چاہیئں، وہاں آہیں سنائی دیتی ہیں اور جہاں قہقہے بکھرنے چاہییں، وہاں گہرا سناٹا طاری ہے۔
معصوموں کی یہ محرومی صرف جنگ کی دین نہیں بلکہ معاشی ناہمواری بھی اس کا بڑا سبب ہے۔ عالمی ادارہ محنت اور یونیسیف کی 2025ء میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، 2024ء میں تقریباً 13 کروڑ 80 لاکھ بچے مشقت میں مصروف تھے، جن میں 5 کروڑ 40 لاکھ خطرناک کام کر رہے تھے۔ ان ننھے ہاتھوں نے کتابوں کے بجائے زندگی کا کٹھن بوجھ اٹھا رکھا ہے۔ دوسری جانب تعلیم کا بحران بھی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ یونیسیف کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریباً 2 کروڑ 51 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ یہ تشویشناک تعداد ہماری قومی ترجیحات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، کیونکہ بند بستے صرف تعلیم کا نقصان نہیں بلکہ روشن امکانات کے بجھتے چراغ بھی ہیں۔
ہمارا دین بھی ہمیں کمزوروں اور بالخصوص بے سہارا بچوں کی دل جوئی کا درس دیتا ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: یعنی پس یتیم پر سختی نہ کرو (سورة الضحیٰ، آیت 9)۔ یہ الٰہی ہدایت ہمیں شفقت کے ساتھ ساتھ عزت اور سماجی ذمہ داری کا احساس بھی دلاتی ہے۔ بچوں کو محض ترس نہیں بلکہ ان کے بنیادی حقوق چاہییں۔ انہیں محفوظ گھر، متوازن غذا، بہتر علاج، معیاری تعلیم اور کھل کر کھیلنے کی آزادی چاہیے۔ حکومت، معاشرہ اور ہم سب اس اجتماعی ذمہ داری میں برابر کے شریک ہیں۔ میری خواہش ہے کہ دنیا کا ہر بچہ اپنے بچپن کو میری طرح ایک خوب صورت یاد کے طور پر سنبھال کر رکھے، نہ کہ کسی دائمی ناسور کی طرح۔ ننھے ہاتھوں کا مقدر بارود نہیں بلکہ کھلونے ہیں اور ننھی آنکھوں کا حق صرف معصوم خواب ہیں۔ آخر میں یہی کہوں گی:
تم اپنی جیت کے پرچم ضرور لہرانا
مگر یہ دیکھنا، بچوں نے کیا گنوایا ہے













