خوشحالی کی آزمائش !!!

0
9

دنیا کے مالدار لوگوں کے بارے میں اکثر عام انسان یہی سوچتا ہے کہ وہ ندگی کے ہر امتحان اور آزمائش سے محفوظ ہیں۔ بعض افراد یہ سمجھتے ہیں کہ دولت مند لوگ کم آزمائش میں مبتلا ہوتے ہیں، کیونکہ ان کے پاس دنیا کی ہر آسائش اور فراوانی موجود ہوتی ہے۔ انہیں دو وقت کی روٹی، سر چھپانے کی جگہ یا دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فکر نہیں ہوتی۔ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے شاہانہ سہولیات اور عیش و آرام کے وسائل ان کے لیے ہر وقت بانہیں پھیلائے کھڑے رہتے ہیں۔ لیکن جب ہم حقیقت کی گہرائی میں اترتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ خالق کائنات اللہ تعالیٰ نے اس فانی دنیا کو ہم سب انسانوں کے لیے آزمائش اور امتحان کا گھر بنایا ہے۔ کائنات کا نظام ہی کچھ اس طرح مرتب کیا گیا ہے کہ ہم میں سے ہر شخص، چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو، کسی نہ کسی صورت میں اس مسلسل امتحان سے گزر رہا ہے۔ یہ تصور بالکل درست نہیں ہے کہ صرف غریب، محتاج یا کسمپرس لوگ ہی آزمائے جاتے ہیں، بلکہ مال، دولت اور فراوانی بھی اپنی نوعیت کی ایک بہت بڑی آزمائش ہے۔ یہاں دراصل انسان کا اصل امتحان اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ خوشحالی کے دور میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ کیا رویہ اختیار کرتا ہے۔ کیا وہ اپنے خالق کی عطا کردہ نعمتوں اور احسانات پر شکر گزاری کا دامن تھامتا ہے یا غرور و غفلت میں مبتلا ہو جاتا ہے؟ زمینی حقائق اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ جب انسان کو مسلسل خوشحال اور آسودہ زندگی ملتی ہے، جہاں اسے کسی چیز کی کمی کا سامنا نہیں ہوتا، تو عموماً وہ اپنے رب کو فراموش کرنے لگتا ہے۔ انسان دنیا کی رنگینیوں میں اس قدر گم ہو جاتا ہے کہ اسے وہ ذات یاد نہیں رہتی جس نے اسے یہ سب کچھ عطا کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ خوشحالی اور غنا کی یہ آزمائش بظاہر غربت اور تنگی کی آزمائش سے کہیں زیادہ کٹھن اور خطرناک ہوتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مشکل حالات، تنگ دستی اور مصائب کے دوران انسان کا دل شکستہ ہوتا ہے اور وہ فوراً اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے۔ سختی کے عالم میں انسان کو اپنے رب کی یاد بہت زیادہ آتی ہے، یا کم از کم اسے اپنی عاجزی کا احساس دلانے والے مواقع بار بار ملتے ہیں۔ اس کے برعکس، دولت کا نشہ انسان کو غفلت کی ایسی چادر اوڑھا دیتا ہے جہاں وہ خود کو ہر ضرورت سے بے پرواہ سمجھنے لگتا ہے۔ مزید غور کیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مادی دولت صرف ایک ظاہری سکون کا نام ہے، لیکن یہ اندرونی اطمینان کی ضمانت ہرگز نہیں دیتی۔ معاشرے میں بہت سے ایسے لوگ موجود ہیں جو ارب پتی اور بے حد مالدار ہونے کے باوجود شدید ذہنی پریشانیوں، اندرونی بے چینیوں، گہرے غموں اور مختلف نوعیت کی پوشیدہ آزمائشوں میں بری طرح مبتلا ہوتے ہیں۔ دولت انسان کو جسمانی آرام تو دے سکتی ہے مگر دل کا سکون صرف اللہ کے ذکر اور اس کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے میں ہی پوشیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک مضبوط، پرخلوص اور پائیدار تعلق قائم رکھنے کا بہترین عملی طریقہ یہ ہے کہ انسان جب بھی اپنی زندگی کے نشیب و فراز کا مقابلہ کرے تو وہ ہمیشہ اپنے سے نچلے طبقے کے لوگوں کو دیکھے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اْن افراد پر نظر دوڑائے جو اس کی نسبت زیادہ محروم، بیمار اور کسمپرس زندگی گزار رہے ہیں۔ صرف ایک سرسری نظر ہی انسان کے ذہن اور ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دے گی اور بے شمار ایسے لوگوں کا تصور سامنے لے آئے گی جو بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ تب جاکر انسان کو حقیقی معنوں میں اس بات کا احساس ہوگا کہ حقیقت میں اس کے پاس اللہ کی کتنی بڑی بڑی نعمتیں موجود ہیں۔ ایک طرف جہاں لاکھوں لوگ غربت، فاقہ کشی اور محرومی کا شکار ہیں، وہیں خوشحال انسان کو یہ دیکھ کر شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ رب کی بے شمار نعمتوں سے مالامال زندگی گزار رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here