ریاستہائے متحدہ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے سرکاری طور پر غیر تصدیق شدہ مگر مکمل حتمی نتائج تقریباً تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان نتائج کی وجوہات پر تبصرے اور پھر ان تبصروں پر تجزئیے بھی خاصی حد تک سامنے آچکے ہیں۔ دو سال قبل جب ٹرمپ اور اس کے حامیوں نے غیر متوقع حمایت حاصل کی تھی تو ذرائعِ ابلاغ اور مصلحت پسند تجزیہ کاروں نے صیہونیت کے خلاف امریکی رائے عامہ کو نظر انداز کرتے ہوئے، ٹرمپ کی کامیابی کی اصل وجہ کو کافی حد تک عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے چھپا لیا تھا۔ ٹرمپ نے بھی صیہونی اثر و رسوخ، بلیک میلنگ اور ناجائز دولت کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے اور اپنے انتخابی وعدوں کو نظر انداز کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور جارحیت میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔ اب صرف دو سال بعد ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے فیصلہ کن نتائج نے ٹرمپ اور اس کی سیاسی جماعت کیلئے ایک ایسی بھیانک اور اندوہناک صورتحال پیدا کردی ہے کہ کسی بھی تبصرہ نگار یا سیاسی تجزیہ کار کیلئے جھوٹے بیانیے کی گنجائش ہی ختم ہو گئی ہے۔ امریکی انتخابی تاریخ نے بہت عرصے بعد اتنے فیصلہ کن نتائج دیکھے ہیں کہ جن کی وجہ سے امریکہ کی بنیادی پالیسیاں تبدیل ہوکر رہیں گی۔ میر تقی میر کے اس مشہور شعر کے مطابق اگر امریکی سامراج کو میر تسلیم کر لیا جائے تو!
پھرتے ہیں میر خوار کوئی پوچھتا نہیں
اس عاشقی میں عزتِ سادات بھی گئی
امریکہ کے سیاسی نظام میں کرپشن کا عنصر اس حد تک اپنی جگہ بنا چکا ہے کہ دونوں بڑی پارٹیوں کے بڑے صیہونیت کے فراہم شدہ ٹکڑوں پر پلتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بڑوں کو عام انتخابات جیتنے کے بعد اب اپنے خلاف بغاوت کا سامنا ہے۔ صیہونیوں سے فنڈز لینے والے سینیٹر شومر اور اسپیکر کے امیدوار حکیم جیفری یعنی دونوں بڑوں کو سینیٹر وین ہولن اور آیان پریسلی کی جانب سے سخت انتخابی چیلنج کا سامنا ہے۔ دونوں چیلنج کرنے والے امیدوار ارکان صیہونی فنڈز لینے کے خلاف ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ انہیں کامیاب کرے تاکہ غزہ کے مظلوم کچھ سکھ کا سانس لے سکیں۔ ورنہ اس وقت تو مایوسی کا یہ عالم ہے کہ بائیں بازو والے ہوں یا دائیں بازو والے، سب درحقیقت نسل کشی والے بنے ہوئے ہیں۔ علامہ اقبال تو بہت پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ!
فسادِ قلب و نظر ہے فرنگ کی تہذیب
کہ روح اس مدنیت کی رہ سکی نہ عفیف
رہے نہ روح میں پاکیزگی تو ہے ناپید
ضمیر پاک و خیال بلند ذوقِ لطیف
امریکہ اور اسرائیل کے ان حالیہ انتخابات کے نتائج پر کچھ دلچسپ تبصرے تو یہ بھی ہوئے ہیں کہ سپر پاور نے ایران کی مذہبی قیادت کی تبدیلی کے جو خواب دیکھے تھے وہ الٹے ثابت ہوئے اور وہ اب اپنے ملکوں کی نااہل قیادت کو تبدیل کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ امریکی نظامِ عالم کی مسلسل ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے، حالیہ انتخابات کے بعد، ایرانی رہنماؤں نے مغربی ایشیا کے نظامِ عالم کی باتیں کرنا شروع کر دی ہیں۔ آبنائے ہرمز اور باب المندب کی گزرگاہیں جس تنگی داماں کا شکار ہیں، اس میں نئے نظامِ عالم کے پنپنے کے کافی امکانات موجود ہیں۔ سعودی، پاک اور ترک دفاعی معاہدے، خلیجی ممالک میں حفاظت کے نقطہ نظر سے بے چینیاں اور امریکی بحریہ کی ناکہ بندیاں چلا چلا کر بتا رہی ہیں کہ پرانا نظامِ عالم اب اتنا بوسیدہ اور کمزور ہو گیا ہے کہ اسے بس ایک آخری دھکہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایرانی رہنما جس مغربی ایشیائی نظام کی بات کر رہے ہیں، اسے علامہ اقبال نے اپنی مشہور زمانہ کتاب ضربِ کلیم میں کچھ اس طرح بیان کیا تھا
پانی بھی مسخر ہے ، ہوا بھی ہے مسخر
کیا ہو جو نگاہِ فلکِ پیر بدل جائے
دیکھا ہے ملوکیتِ افرنگ نے جو خواب
ممکن ہے کہ اس خواب کی تعبیر بدل جائے
تہران ہو گر عالمِ مشرق کا جنیوا
شاید کْرہ ارض کی تقدیر بدل جائے
دو سال پہلے والے امریکی انتخابات میں مسلمانوں کی اکثریت نے ٹرمپ کو صرف اسی لئے اپنے ووٹ دیے تھے کہ انہیں امید تھی کہ دنیا میں جنگوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ افسوس کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے وعدوں کے برعکس نئی جنگیں چھڑ دیں۔ اب حالیہ انتخابات میں بھی مسلمانوں کی بھاری اکثریت کے ووٹ صرف اس بنیاد پر ٹرمپ کی مخالفت میں پڑے ہیں کہ اس طرح ٹرمپ کی نفرت اور صیہونیت کے ظلم کے خلاف ایک مضبوط بند باندھ دیا جائے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے، کانگریس میں اکثریت حاصل کرنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کو کئی بنیادی اقدامات کرنے پڑیں گے۔ اگر انہوں نے بھی جمہور کی رائے عامہ کو نظر انداز کیا تو جلد ہی انہیں بھی بالکل وہی نتائج بھگتنے پڑیں گے جن کا شکار اس وقت ٹرمپ کی پارٹی بنی ہوئی ہے۔ شاید جلد ہی ہمیں اقبال کے اس شعر میں ہندوستان کو امریکہ سے بدلنا پڑے گا
نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے امریکہ والو
تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں










