نیویارک (پاکستان نیوز)انٹیلی جنس ایجنسیوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران واشنگٹن میں اعلیٰ امریکی حکام کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری تنازعہ اور فوجی مہم کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔ انٹیلی جنس حکام نے بتایا ہے کہ اس سازش کے تحت غیر روایتی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرات پر غور کیا جا رہا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس بارے میں ایران کی جانب سے کچھ مواصلاتی پیغامات بھی پکڑے گئے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بم بنانے کا مواد پہلے ہی امریکہ کے اندر منتقل کیا جا چکا ہے، تاہم اس دعوے کی سچائی پر حکام کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ فی الحال امریکہ کے اندر کسی بھی قسم کے مصدقہ اور فوری خطرے کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن تمام ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اس سنگین صورتحال نے واشنگٹن کے حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔







