دبئی(پاکستان نیوز) ایران کے سیکیورٹی سربراہ محسن رضائی نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک افزودہ جوہری مواد کا ایک ذرہ بھی بیرون ملک منتقل نہیں ہونے دے گا اور کسی بھی نئے امریکی حملے کی صورت میں سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ لبنان کے نشریاتی ادارے المیادین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران پر حملے کے لیے یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو استعمال کیا گیا تو انہیں بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہاز اور آبدوزیں تیار کرنے کے لیے اس افزودہ مواد کی ضرورت ہے اور اس فیصلے سے روس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ روس نے ماضی میں معاہدے کے تحت یہ مواد ایران سے نکالنے کی پیشکش کی تھی۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے اندازوں کے مطابق جون 2025 میں ایرانی تنصیبات پر حملوں کے وقت تہران کے پاس 60 فیصد تک افزودہ 440.9 کلوگرام یورینیم موجود تھا، تاہم اس میں سے کتنا مواد محفوظ رہا یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ دوسری جانب امریکہ کا مؤقف ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ابتدائی مذاکرات میں جوہری معاملات کو شامل کرنا ناگزیر ہے، جبکہ ایران نے قطر کے ذریعے بھیجی گئی اپنی جوہری تجویز پر بات چیت کو اپنے 7 مطالبات کی منظوری سے مشروط کر دیا ہے۔ ادھر آبنائے ہرمز میں بھی کشیدگی برقرار ہے جہاں ایرانی فوج کے مطابق ایک ممنوعہ علاقے میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جبکہ برطانوی بحری تجارتی ادارے نے بھی آبنائے میں ایک اور ٹینکر کو پیش آنے والے حادثے کی اطلاع دی ہے۔






