نیویارک (پاکستان نیوز)شمالی یورپ کے ممالک دنیا کے خوش ترین پاسپورٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست رہے جبکہ سنگاپور سفری رسائی کے باوجود دسویں نمبر پر آگیا۔ عالمی سطح پر جاری ہونیوالے نئے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی ملک کے پاسپورٹ کی طاقت اور وہاں کے شہریوں کے معیار زندگی میں واضح فرق ہو سکتا ہے۔ گلوبل سٹیزن سول کی جانب سے جاری کردہ 2026 کے ہیپی پاسپورٹ انڈیکس میں شمالی یورپ کے چار ممالک نے پہلی چار پوزیشنز حاصل کر کے سرفہرست مقام اپنے نام کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق فن لینڈ سر فہرست رہا جس نے 100 میں سے 93.2 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ آئس لینڈ 92.4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ڈنمارک 92.1 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ناروے 89.3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ اس فہرست کے ابتدائی 10 ممالک میں سوئٹزرلینڈ، سویڈن، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سنگاپور بھی شامل ہیں جن میں سے آٹھ ممالک یورپ میں واقع ہیں۔ اس اہم انڈیکس کی تیاری کے دوران دنیا بھر کے 50 ممالک کا جائزہ چار بنیادی شعبوں کی بنیاد پر لیا گیا جن میں فلاح و بہبود، اندرونی آزادی، سفری سہولت اور مجموعی خوشحالی شامل ہیں۔ اس درجہ بندی میں شہریوں کی صحت اور تحفظ جیسے بنیادی عوامل کو بھی خاص طور پر مدنظر رکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق ایک طاقتور پاسپورٹ ہونا لازمی طور پر پرسکون اور خوشحال زندگی کی مکمل ضمانت نہیں بن سکتا۔ مثال کے طور پر سنگاپور کا پاسپورٹ بین الاقوامی سطح پر سفری رسائی کے لحاظ سے انتہائی طاقتور ہونے کے باوجود اس نئی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر رہا جبکہ فلاح و بہبود کے شعبے میں اس کی پوزیشن 23 ویں اور اندرونی آزادی میں 30 ویں رہی۔ اس تحقیقی رپورٹ سے یہ حقیقت بھی واضح ہوتی ہے کہ انسان کی حقیقی خوشی کا تعلق پاسپورٹ کی روایتی طاقت کے مقابلے میں ذاتی آزادی اور سماجی تحفظ سے زیادہ مضبوطی سے جڑا ہوا ہے۔






