نیویارک (پاکستان نیوز)شمالی امریکہ کے مختلف رویت ہلال مراکز کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق عیدالفطر 20 مارچ بروز جمعہ کو ہو گی۔ سعودی عرب میں 29 رمضان المبارک کی شام شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث وہاں اب 30 روزے مکمل کیے جائیں گے۔ عالمی سطح پر رویت ہلال کے مروجہ اصولوں اور اتحاد امت کے نظریے کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ شمالی امریکہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سمیت باقی دنیا میں بھی عیدالفطر ایک ہی دن یعنی جمعہ 20 مارچ کو منائی جائے گی۔ اس فیصلے کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور ایک ہی دن مذہبی تہوار کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔ علمائے کرام اور فلکیاتی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ چاند کی پیدائش اور رویت کے جغرافیائی حالات کے پیش نظر جمعہ کا دن ہی عید کے لیے موزوں ترین ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور دیگر ساؤتھ ایشین ممالک میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ ہونے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین کے مطابق 19 مارچ کی شام پاکستان میں چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے 30 روزے پورے ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی حسابات کے مطابق پاکستان میں عید ہفتہ 21 مارچ کو ہو گی۔ اس طرح سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اس بار بھی ایک دن کا فرق رہنے کی توقع ہے۔












