لاہور:
محبتوں کے پھول سمیٹ کر سری لنکن ٹیم وطن واپس روانہ ہوگئی، پاکستانی کرکٹرز نے آمد پر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گلے مل کر الوداع کہا۔
کراچی میں ون ڈے میچز کے بعد سری لنکن ٹیم نے لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی، مہمان کرکٹرز اپنا سامان ساتھ لے کر ہی تیسرے مقابلے میں شرکت کیلیے قذافی اسٹیڈیم آئے تھے، سیریز میں کلین سوئپ کا مشن اور پریس کانفرنس کا عمل مکمل ہوتے ہی پاکستانی کرکٹرز نے مہمان کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا، سب کو باری باری گلے مل کرالوداع کہا گیا۔
آئی لینڈرز ہوٹل جانے کے بجائے اسٹیڈیم سے براہ راست علامہ اقبال ایئرپورٹ روانہ ہوگئے، اس دوران نہ صرف سری لنکن ٹیم کے روٹ بلکہ شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق کئی سینئر کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترنے والی نوآموز سری لنکن ٹیم کے تمام ارکان گرین شرٹس کے خلاف شاندار کارکردگی پر بہت خوش تھے اور پاکستان کی مہمان نوازی کی بھی دل کھول کر تعریف کرتے رہے۔ آئی لینڈرز نے رات ڈھائی بجے کے قریب لاہور سے اڑان بھری۔
کوچ رمیش رتنائیکے نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ہم میں سے کسی کو دورے کے حوالے سے خدشات تھے بھی تو وہ دور ہوگئے، حفاظتی انتظامات بہتریناور عمدہ میزبانی کی گئی،کامیاب ٹور ہمارے کرکٹرز اور پوری دنیا کے دیگر ملکوں کیلیے پیغام ہے کہ وہ یہاں بلاخوف کھیلنے کیلیے آسکتے ہیں۔