ممبئی:
شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کا مقبول گانا ’’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘‘ بھونڈے انداز میں ری میک کرکے ایک بار پھر برباد کرنے پر بھارتی میڈیا بالی ووڈ پر ہی آگ بگولہ ہوگیا۔
بالی ووڈ میں پاکستان کے مشہور گانے چُرا کرانہیں اپنے انداز میں ری میک کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔ بالی ووڈ فلمسازشائقین کی توجہ اپنی فلموں کی جانب مبذول کرانے کے لیے بغیراجازت پاکستانی گانے چراتے اورانہیں نہایت ہی بھونڈے انداز میں ری میک کرکے اپنی فلموں میں شامل کرتے ہیں اور یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ فلم ’’مرجاواں‘‘ میں سُروں کے شہنشاہ نصرت فتح علی خان کی مقبول ترین قوالی ’’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘‘ کا ری میک شامل کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات تویہ ہے کہ اس قوالی کا بالی ووڈ میں یہ تیسرا ری میک بنایا گیا ہے اور تیسری بار بھی اتنے بُرے اندازمیں بنایا گیا ہے کہ پاکستانی تو کیا خود بھارتی میڈیا بالی ووڈ فلمسازوں پر بھڑک اٹھا اوراتنی خوبصورت قوالی کو برباد کرنے پربالی ووڈ فلمسازوں کو کھری کھری سنادیں۔
اس بار یہ گانا بالی ووڈ سنگر جوبین نوتیال اوردھوانی بھانوشالی نے گایا ہے جب کہ گانے کی اضافی شاعری کمارنے لکھی ہے اوراسے میٹ بروس نے کمپوزکیا ہے۔
’’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘‘ کوپہلی بار 1996 میں فلم ’’راجا ہندوستانی‘‘ میں ری میک کرکے شامل کیا گیا تھا اور اس کی شاعری میں تبدیلی کرکے بول ’’کتنا پیارا تجھے رب نے بنایا‘‘ کیے گئے تھے۔ یہ گانا عامرخان اورکرشمہ کپور پر فلمایا گیاتھا۔
دوسری باراس قوالی کا ری میک 2016 میں ریلیز ہوئی فلم ’’او کے جانو‘‘ میں کیا گیا تھا جس میں آدیتیہ رائے کپور اورشردھا کپور نے مرکزی کردارادا کیا تھا۔ تاہم یہ بہت ہی بھونڈا ری میک تھا۔ تیسری بار اسے فلم ’’مرجاواں ‘‘ کے لیے ری میک کیاگیا ہے جس میں اداکار سدھارتھ ملہوترا اورتارا سوتاریا نے مرکزی کردار اداکیا ہے فلم 15 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس فلم ’’پھنے خان‘‘ میں بھی استاد نصرت فتح علی خان کی مقبول قوالی’’ہلکا ہلکا سرور‘‘ کا ری میک شامل کیا گیا تھا جسے ایشوریارائے پر فلمایا گیا تھا۔ تاہم ہر بار کی طرح اس قوالی کو بھی برباد کردیاگیا تھا جس پر پاکستانی شائقین اورنصرت فتح علی خان کے مداحوں نے بالی ووڈ فلمسازوں پر شدید تنقید کی تھی۔