لاہور:
’’سرپرائز پیکیج‘‘ اور تجربہ کار بولرز بے بسی کی تصویر بن گئے، نسیم شاہ نے ایک شکار کیا، محمد موسیٰ پہلی وکٹ کو ترستے رہے۔
ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلوی بولرز مچل اسٹارک نے 17 کی اوسط سے 14 وکٹیں لیں،جوش ہیزل ووڈ نے 22 کی ایوریج سے 10کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پیٹ کمنز 8اور ناتھن لیون 7وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان کے کامیاب ترین بولر شاہین آفریدی نے 36.80کی اوسط سے 5وکٹیںحاصل کیں،یاسر شاہ نے 100.50کی ایوریج 4پلیئرزکو پویلین بھیجا، حارث سہیل نے 37.50کی اوسط سے 2وکٹیں حاصل کیں، بطور’’سرپرائز پیکج ‘‘اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے نسیم شاہ نے 68کی ایوریج سے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
محمد موسٰی نے 20اوورز میں 114رنز دیے اور پہلی وکٹ کو ترستے رہے، عمران خان سینئر نے واحد میچ میں 73رنز دے کر ایک شکار کرلیا، دوسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ لینے والے تجربہ کار پیسر محمد عباس نے 100رنز دیے اور کوئی وکٹ نہیں حاصل کی۔
بیٹنگ میں ڈیوڈ وارنر نے ایک بار آؤٹ ہوکر 489 رنز اسکور کیے جبکہ لبوشین نے 2 اننگز میں 347رنز جوڑے، پاکستانی ٹاپ اسکورر بابر اعظم نے 52.50کی اوسط سے 210رنز بنائے۔
بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یاسر شاہ 48.50کی ایوریج سے 194رنز بناکر دوسرے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں، محمد رضوان 44.25کی اوسط سے 177، شان مسعود 39کی ایوریج سے 156، اسد شفیق 35.50کی اوسط سے 142رنز بنانے میں کامیاب رہے،اظہر علی دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد اس بار بھی ناکام رہے اور 15.50کی ایوریج سے 62رنز ہی جوڑ سکے، افتخار احمد 11کی اوسط سے 44رنز تک محدود رہے۔
شیئرٹویٹشیئر