پراگ:
یورپی ملک چیک جمہوریہ میں معذروں کے لیے مخصوص ایک طبی سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 8 معذور افراد ہلاک اور 3 درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمہوریہ چیک میں جرمنی کے سرحد کے نزدیک واقع ایک بحالی مرکز میں آتشزدگی سے 8 معذور افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ 3 درجن سے زائد معذور زخمی ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم غالب امکان ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
جس سینٹر پر آگ لگی وہ پہاڑی علاقے میں واقع ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہلاک اور زخمی ہونے والے معذروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 9 زخمیوں کی بری طرح جھلس جانے کے باعث حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ کچھ زخمیوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، آگ لگنے کے بعد معذوری کے باعث یہ افراد سینٹر سے باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔