اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے درمیان معاہدہ

0
127

کراچی:

پاکستان سپر لیگ کی سب سے کامیاب فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے درمیان میڈیا پارٹنر شپ کا معاہدہ طے پاگیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

معاہدے کی تقریب ایکسپریس میڈیا گروپ کے کراچی آفس میں منعقد ہوئی۔ میڈیا پارٹنر کے معاہدے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی، ایکسپریس پبلی کیشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز الحق اور ٹیلی ویژن میڈیا نیٹ ورک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران انصاری نے دستخط کیے۔

اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے تمام پلیٹ فارمز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پذیرائی ہمارے لیے فخر کا باعث ہے، گزشتہ دو سال میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے ساتھ ہماری شراکت بہترین دو طرفہ تعاون کے نتیجے میں پہلے ہی آئندہ سیزن کے لیے تجدید کے مراحل طے کرچکی تھی، ایکسپریس کے ذریعے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اپنے چاہنے والوں تک پہنچنے میں بے حد آسانیاں حاصل ہوئیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں ہونے جارہے ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت اور ان کی یہاں آنے کی خواہش فخر کی بات ہے، وہ پاکستان میں ایک ماہ قیام کریں گے اس دوران وہ مختلف شہروں میں سفر کریں گے، ان کے تجربات کرکٹ کے علاوہ مجموعی طور پر پاکستان کے لیے بے حد مفید ثابت ہوں گے۔

علی نقوی نے کہا کہ 4 سال میں ہم کہاں سے کہاں پہنچ چکے ہیں، ابتدا میں تو ہمیں یقین ہی نہیں تھا مگر پی ایس ایل کی بدولت پاکستان میں کرکٹ پھر بحال ہوچکی ہے، توقع ہے کہ آئندہ برسوں میں دیگر شہروں میں بھی پی ایس ایل کے میچز کرائے جائیں گے، پاکستان سپر لیگ گلوبل بن چکی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایونٹ گلوبل ٹاپ ٹو کی پوزیشن حاصل کرلے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ کیپیٹل کی ٹیم ہونے کی وجہ سے پورے پاکستان کی ٹیم ہے، ہم نے ٹیم اور پاکستان کو اکھٹے لے کر چلنا ہے۔

ایکسپریس پبلی کیشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ایس ایل 3 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کا آغاز کیا تھا اور آج تک پی ایس ایل ٹورنامنٹس کے لیے یہ شراکت کامیاب اور نتیجہ خیز رہی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی محنت، مہارت اور بہترین کھیل کی بدولت پی ایس ایل میں سب سے کامیاب فرنچائز کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیاب ٹیم کے لیے ہم پاکستان سپر لیگ کے اس سیزن میں بھی ان کی تشہیر اور تعاون کے لیے تیار ہیں، ایکسپریس میڈیا گروپ پہلے دن سے ہی کھیل کو سپورٹ کرتا رہا ہے اور یہ کوشش ہمیشہ جاری رکھی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیلی ویژن میڈیا نیٹ ورک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران انصاری نے کہا کہ ایکسپریس کھیلوں سے متعلق تمام سرگرمیوں کو آگے لانے میں سب سے آگے ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہماری شراکت بھی اس سلسلے کی کڑی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب اور متحد پاکستان کی نمائندگی کرتی ہے، ہمیں یقین ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پی ایس ایل میں کامیابی اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے ساتھ شراکت دیرپا رہے گی۔

ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی رومان رئیس نے کہا کہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونے جارہے ہیں جسے پوری قوم بھرپور انداز میں انجوائے کرنے کے لیے تیار ہے، بحیثیت کرکٹر مجھے فخر ہے کہ میں تمام میچز پاکستان میں کھیلوں گا، میں خود بھی بہت ایکسائیٹڈ ہوں، غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here