لاہور:
بنگلادیش سے پہلے ٹیسٹ میں شرکت کے امیدواروں کی آزمائش جمعرات سے شروع ہوگی، ممکنہ کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے 3روزہ پریکٹس میچ میں جانچی جائے گی، اظہر علی اور بابر اعظم قیادت کریں گے۔
بنگلادیش سے راولپنڈی میں شیڈول پہلے ٹیسٹ کی تیاری کیلیے 19ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا،ان میں سے 16نے 20جنوری کو ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کردی تھی،بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شریک بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی نے انھیں28جنوری کو جوائن کیا۔
بعد ازاں سلیکشن کمیٹی نے فیضان ریاض، ذیشان ملک، اشفاق احمد اور محمد حسنین کو بھی طلب کرلیا، کیمپ میں اب 23 کرکٹرز شریک ہیں،بنگلادیش سے ٹیسٹ کیلیے حتمی اسکواڈ کا انتخاب کرنے سے قبل ان کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس جمعرات سے قذافی اسٹیڈیم میں3روزہ پریکٹس میچ میں جانچی جائے گی، قیادت اظہر علی اوربابر اعظم کریں گے۔
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور دیگر سلیکٹرز ممکنہ کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، میچ ختم ہونے کے اگلے روز سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں 14رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی، یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7سے 11فروری تک راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
مہمان ٹیم کی آمد 5فروری کو ہوگی، بنگال ٹائیگرز طویل فارمیٹ کا ایک میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائیں گے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا مقابلہ 5اپریل سے کراچی میں شیڈول ہے،اس سے قبل 3 تاریخ کو ایک ون ڈے میچ بھی کھیلا جائے گا۔