پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی، امریکا کی نئی ٹریول ایڈوائزری جاری

0
245

واشنگٹن:

امریکا نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں امن کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے جو کہ درست سمت میں ایک قدم ہے۔ اس سے قبل  پاکستان میں امن کی وجہ سے ہی اقوام متحدہ نے پاکستان کا فیملی اسٹیشن درجہ بحال کیا ہے۔

اس حوالے سے امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان بزنس اور سیاحت کے لیے صحیح معنوں میں کھلا ہے، برطانیہ اور متعدد دیگر ممالک کے بعد اب امریکا نے بھی پاکستان کے بڑے شہروں خصوصاً اسلام آباد میں بہتر سیکیورٹی صورتحال کو تسلیم کرلیا ہے۔

اسی ضمن میں دفتر خارجہ پاکستان کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ٹریول ایڈوائزی میں پاکستان میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کیا گیا ہے، پاکستانی اقدامات کو تسلیم کرتے ہویے حال ہی میں برطانیہ نے بھی پاکستان کے حوالے سے اپنے سفری ہدایت نامے میں تبدیلی کی ہے۔

 

دفتر خارجہ نے کہا کہ سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری کے باعث اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو دوبارہ اپنے عملے کے لیے فیملی اسٹیشن قرار دیا ہے کیوں کہ پاکستان نے ملک بھر میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے انتھک اقدامات کیے ہیں اور یہ قدم صحیح سمت میں ایک قدم ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پرتگال اور ناروے نے بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزی بہتر کردی ہے، یورپی ممالک بھی پاکستان کو محفوظ ملک سمجھتے ہیں اور پاکستان کو 2020ء کے لیے سیاحت کا بہترین مقام قرار دیا گیا ہے۔

تاہم یہ بھی پیش نظر رہے کہ 31 جنوری کو امریکی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سفری ہدایت نامے میں اپنے شہریوں کو  بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سابقہ قبائلی علاقوں میں جانے سے گریز کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر امریکا نے اپنے شہریوں کو باقی پاکستان کے سفر کے لیے ’ری کنسڈر ٹریول‘ کا درجہ دیا ہے یعنی جو لوگ پاکستان نہیں جارہے تھے وہ اب اس ملک میں جاسکتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here