اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے بچتوں کو فروغ دینے کیلیے ایک لاکھ روپے مالیت کا رجسٹرڈ انعامی بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ جلد یہ بانڈ جاری کردیا جائے گا جبکہ سرمایہ سیونگ اکاؤنٹس اسکیم بھی تیار ہے۔
مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں سرمایہ پاکستان بانڈ،سرمایہ سیونگ اکاؤنٹس اور ایک لاکھ روپے مالیت کے انعامی بانڈز جاری کرنے کی اسکیمیں تیار کی تھیں مگران اسکیموں کا اجرا نہیں ہوسکا تھا، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اسکیموں میں سے سرمایہ پاکستان بانڈ اسکیم موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کیے جاچکے ہیں اور یہ بانڈز اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور اب ایک لاکھ روپے کے انعامی بانڈز جاری کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم بھی تیار ہے اور حتمی منظوری کیلیے سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی ہے اور وزارت خزانہ نے ایک لاکھ روپے مالیت کے انعامی بانڈز جاری کرنے کی اسکیم کی اصولی منظوری دیدی ہے اور صرف ضابطے کی کارروائی مکمل ہونا باقی رہ گئی ہے جس کے بعد یہ بانڈز جاری کردیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کی حتمی منظوری کے بعد ایک لاکھ روپے مالیت کے انعامی بانڈز جاری کردیے جائیں گے، یہ رجسٹرڈ بانڈ ہوں گے جو خریدار کے نام پر جاری ہوں گے اور ایک لاکھ روپے مالیت والے انعامی بونڈز پر ماہانہ 0.2 فیصد منافع تجویز کیا گیا ہے جسے ٹی بلز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور ٹی بلز کی شرح کے مطابق اس شرح منافع میں ردوبدل ہوگی۔
اس کے علاوہ ایک لاکھ روپے مالیئت کے انعامی بانڈز کا پہلا انعام 20 کروڑ روپے مالیت کا تجویز کیا گیا، دوسرا انعام ساڑھے سات کروڑروپے تجویز کیا گیا ہے جبکہ تیسرا انعام ساڑھے بارہ لاکھ روپے مالیت کے 660انعامات تجویز کیے گئے ہیں۔
اس انعامی بانڈ کی قرعہ اندازی ہر تین ماہ بعد ہوا کرے گی، یہ انعامی بانڈز پریمئیر اور رجسٹرڈ انعامی بانڈز ہونگے جو اسٹیٹ بینک ہی جاری کرے گا اور اس کی قرعہ اندازی بھی اسٹیٹ بینک کیا کرے گا، ان پر تمام ریگولیشنز و پروسیجر لاگو ہونگے جو حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ہیں اور ان بانڈز کی انعامی رقم پرتمام ٹیکس بھی لاگو ہوں گے۔
دوسری اہم اسکیم سرمایہ سیونگ اکاؤنٹس اسکیم ہے اور سرمایہ سیونگ اکاونٹس اسکیم بارے سروے مکمل ہوچکا ہے اور رپورٹ وزارت خزانہ کو بھجوادی ہے، اس کی منظوری کی صورت میںیہ اسکیم بھی لانچ کردی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی جی ڈی پی کے لحاظ سے بچتوں کی شرح بڑھانے پر فوکس کیے ہوئے ہیں اور توقع ہے کہ قومی بچت کی مزید پراڈکٹس بھی متعارف کرائی جائیں گی جن پر کام جاری ہے۔