سہیل خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ناکامیوں کی وجہ ٹیم کے مسلسل سفر کو قرار دے دیا

0
120

لاہور:

فاسٹ بولر سہیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ناکامیوں کی وجہ ٹیم کے مسلسل سفر کو قرار دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ایک دن چھوڑ کر ایک دن ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، پلیئرز کو کبھی ملتان تو کبھی اسلام آباد تو کبھی لاہور اور پھر ملتان پھر اسلام آباد اور لاہور کا سفر کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں پچز سمجھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جیت رہے تھے ٹیم بھی پُر اعتماد تھی لیکن خراب موسم کی وجہ سے ہم رات ایک بجے تک ائیرپورٹ بیٹھے رہے، اگلے روز صبح سفر کیا اور میچ کھیلا، پلیئرز کی بڑی ہمت ہے کہ وہ کھیلے، ٹریولنگ شیڈول کے علاوہ عمر اکمل کی وجہ سے بھی ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑا، عمر اکمل دنیائے کرکٹ کا بہت بڑا نام ہیں، ہماری ٹیم کے اہم کھلاڑی تھے لیکن ایونٹ سے قبل ٹیم سے باہر ہو گئے۔

 

سہیل خان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں بیٹنگ فلاپ ہوئی، میچز میں بولنگ نے وہ پرفارمنس نہیں دی جس کی امید تھی، میں بھی توقع پر پورا نہیں اتر رہا، رنز ضرور کیے ہیں لیکن بولنگ اچھی نہیں کرسکا، نسیم شاہ بہت ٹیلنٹڈ بولر ہے، اس کے بھی ان فٹ ہونے سے مشکل ہوئی ہے۔

سہیل خان نے کہا کہ ناکامیوں کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کم بیک کرے گی، سرفراز احمد مضبوط کپتان ہیں، ذہنی طور پر بھی مضبوط ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ ایسا کمبی نیشن بنائیں گے کہ ہم باقی دو میچز جیتنے میں ضرور کامیاب رہیں گے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here