ورلڈ کپ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا

0
153

لاہور:

ورلڈکپ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کی نقاب کشائی آج ہوگی۔

ورلڈکپ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا،میگا ایونٹ کیلیے 15 رکنی ٹیم کے ساتھ 2 اضافی کھلاڑیوں کو انگلینڈ سے سیریز کیلیے بھجوایاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق فخرزمان اور امام الحق کے نام پر اتفاق ہوچکا جبکہ تیسرے اوپنر کا فیصلہ باقی ہے، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آزمائے جانے والے عابد علی نے ڈیبیو پر سنچری سے سلیکٹرز کو متاثر کیا تھا لیکن فٹنس ٹیسٹ میں وہ تھوڑا پیچھے رہ گئے، شان مسعود نے 4ون ڈے میچز میں111 رنز بنائے،ان میں صرف ایک نصف سنچری شامل تھی، ایک روزہ کرکٹ میں ان کا تجربہ بھی نہیں، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، شعیب ملک اور سرفراز احمد بیٹنگ کو استحکام دینے کیلیے منتخب کئے جائیں گے۔

 

پاور ہٹر کی شدت سے کمی محسوس کرنے والی پاکستان ٹیم کا عمراکمل کو آزمانے کا تجربہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ہی ناکام ہوگیا تھا، کینگروز کیخلاف میچز باہر بیٹھ کر دیکھنے والے آصف علی اس مسئلے کا حل ہوسکتے ہیں،پی ایس ایل میں اچھی فارم میں نظر آنے والے جارح مزاج بیٹسمین ماضی میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ ہوچکے۔

پیس بیٹری میں حسن علی،شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف کا انتخاب یقینی نظر آرہا ہے،ابھرتے ہوئے اسپیڈ اسٹار محمد حسنین کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور وسیم اکرم سمیت کئی سابق کرکٹرز حامی ہیں،فٹنس میں تھوڑی کمی کے باوجود ان کے نام پر سنجیدگی سے غور ہوگا، عثمان شنواری بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔

انگلش کنڈیشنز میں کاؤنٹی کرکٹ کے دوران اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے والے جنید خان اور مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے محمد عامر کی شمولیت پر سوالیہ نشان ہے، ماضی میں کئی بار بہتر پرفارمنس کی امید پر آزمائے جانے والے سینئر پیسر چیمپئنز ٹرافی کے بعد 14ون ڈے میچز میں سے 9میں ایک وکٹ بھی حاصل نہیں کرسکے، شاداب خان اور عماد وسیم کو اسپن بولنگ اور بیٹنگ کی اضافی صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کیے جانے کا امکان روشن ہے، محمد رضوان اضافی 2 کھلاڑیوں میں سے ایک ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حتمی اسکواڈ کا اعلان کیے جانے سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق کی کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ملاقات بھی طے ہے، 1،2ناموں پر مشاورت کے بعد فہرست مرتب کرلی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here