کورونا وائرس،ایران نے آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر قرض مانگ لیا

0
133

تہران:

ایران نے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے آئی ایم ایف سے 5ارب ڈالر کا ہنگامی فنڈ طلب کرلیا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے ہنگامی مالیاتی معاونت کا اعلان کیا تھا، ایران کا مرکزی بینک فوری طور پر یہ سہولت حاصل کرنے کی درخواست کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہونے کا فیصلہ کرے۔

 

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے اپنے انسٹاگرام پیج پر بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے آئی ایم ایف کی سربراہ کے نام ریپڈ فنانشل انسٹرومنٹ(آر ایف آئی) کے ذریعے پانچ ارب ڈالر کے ہنگامی فنڈ کی درخواست ارسال کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، اب تک وہاں مہلک وائرس سے 429 اموات ہوچکی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

گیس کی برآمدات سمیت امریکا کی جانب سے لگائی گئی دیگر پابندیوں کے باعث ایران کی معیشت پہلے ہی شدید مسائل سے دوچار ہے۔ ایرانی حکومت کورونا وائرس کے مقابلے میں درپیش مشکلات کے لیے امریکا کو مورد الزام ٹھہراتی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتنیو گوتیرس کو لکھے گئے خط میں بھی امریکی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پر عائد پابندیاں ادویہ پر اثر انداز نہیں ہوتیں اور گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ایران کو مدد کی پیش کش بھی کی تھی تاہم ایران نے امریکی پیش کش کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here