نیویارک (پاکستا ن نیوز)کورونا وائرس نے جہاں ایک طرف کاروبار زندگی کو ٹھپ کر کے رکھ دیا ہے ، وہیں کمیونٹی کے اخبارات بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں سے انڈین ، پاکستانی اور بنگلہ دیشی اخبارات شدید بحران کا شکار ہیں ، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 21 بھارتی ، 18بنگلہ دیشی اور کثیر تعداد میں پاکستانی اخبارات کی اشاعت بند ہے ، صرف پاکستان نیوز مسلسل اپنی اشاعت برقرار رکھے ہوئے ہے ، پبلشر مجیب لودھی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے اخبارات کی شدید کمی دیکھنے میں آئی ہے اگر کورونا وائرس پر قابو نہ پایا گیا تو آگے آنے والے دنوں میں معاملہ مزید خراب ہو سکتا ہے ، انھوں نے کہا کہ میری 24 سالہ اشاعت کی تاریخ میں ایسا بحران دیکھنے میں نہیں آیا، انھوں نے کمیونٹی کے کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنا کردار ادا کریں۔