واشنگٹن(پاکستان نیوز) سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کی وجہ سے قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے۔رمضان کے حوالے سے جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا اس ماہ مقدس میں کہ جو پہلے ہی عالمی وبا کی وجہ سے مختلف شکل اختیار کرچکا ہے ، مسلمانوں سمیت کچھ مذہبی گروہوں کو نشانہ بنائے جانے میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ہم تمام حکومتوں اور کمیونٹیز پر زور دیتے ہیں کہ اس وقت کو خدمت اور اتحاد پر توجہ دینے اور کورونا وائرس بحران کو روکنے کیلیے جاری لڑائی میں کمزوروں اور پسماندہ طبقے کے افراد کی صحت اور تحفظ کو مدِ نظر رکھنے کیلئے استعمال کریں۔امریکی ریڈیو پر دیے گئے ایک انٹرویو میں مائیک پومپیو کا کہنا تھا چین کو کورونا وائرس کے بارے میں نومبر میں ہی پتہ لگ گیا تھا۔ چین نے عالمی ادارہ صحت سمیت پوری دنیا کو بتانے میں تاخیر کی۔ امریکہ کو اب بھی چین سے مزید معلومات درکار ہیں، جس میں ووہان میں دریافت ہونے والا وائرس کا پہلا نمونہ بھی شامل ہے۔دوسری جانب چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڑنگ شوائنگ نے پومپیو کے بیان کو بے بنیاد اور کسی اور پر الزام لگانے کی کوشش قرار دیا۔چینی ترجمان کے مطابق پومپیو کے خیالات دنیا کی سوچ کی ترجمانی نہیں کرتے۔ چین نے عالمی برادری کے ساتھ معلومات بروقت شیئر کی تھیں۔