43سالہ ڈینیل کونٹی نے زیر علاج 70سالہ انتھونی کا کریڈٹ کارڈ چوری کیا ، ویڈیو فوٹیج سے پکڑی گئی
نیویارک(پاکستان نیوز) پولیس نے ایک خاتون نرس کو گرفتار کیا ہے جس نے بسترِ مرگ پر پڑے کورونا وائرس کے مریض کا کریڈٹ چرایا تھا۔ نیویارک کی 43 سالہ نرس ڈینیئل کونٹی نے اسٹاٹن یونیورسٹی کے ہسپتال میں زیرِ علاج 70 سالہ اینتھونی کیٹا پینو کا کریڈٹ چرایا اور اس کی موت سے تین روز قبل تک 60 ڈالر کا سودا سلف اور گاڑی کا ایندھن کریڈٹ کارڈ سے خریدا تھا۔ تاہم پولیس نے نرس کو فوری طور پر گرفتار کرلیا جن پر چوری اور دوسرے کا سامان اڑالینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے 4 سے 12 اپریل کے درمیان مریض کا کارڈ استعمال کیا تھا۔ مریض کی 37 سالہ بیٹی نے بیماری کے دوران اپنے والد کے کارڈ کے اخراجات کو دیکھا تو انہوں ںے پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد پولیس تحقیقات کرتی ہوئی نرس تک پہنچی۔ مریض کی بیٹی تارہ کیٹاپینو نے اس واقعے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شخص اپنی زندگی کی جنگ لڑرہا ہو اور اس کے ساتھ کسی مسیحا کا اتنا بڑا دھوکہ قابلِ مذمت ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے نرس کے خلاف اپنے غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ ڈینیئل کونٹی 2007 سے اس ہسپتال میں نرس کے عہدے پر تھیں اور سزا پوری کرنے کے بعد غالب امکان ہے کہ انہیں ملازمت سے ہٹا دیا جائے گا اور ان کا لائسنس منسوخ ہوجائے گا۔