کرونا:اموات 3 لاکھ سے بڑھ گئیں

0
571

واشنگٹن(پاکستان نیوز) دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 44 لاکھ اور اموات کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز برازیل اور میکسیکو میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ امریکہ میں ایک کروڑ شہریوں کے ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، 213 ملکوں اور خود مختار خطوں میں بدھ تک کرونا وائرس کے 44 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آچکے تھے۔ افریقی ملک لیسوتھو میں پہلے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان دونوں ذرائع کے مطابق، دنیا میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار ہے۔ لیکن انھوں نے ابھی تک برطانوی محکمہ شماریات کے تازہ اعدادوشمار کو اپ ڈیٹ نہیں کیا جس کے مطابق، ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہزار زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں برازیل میں 745، برطانیہ میں 494، میکسیکو میں 353، اٹلی میں 195، اسپین میں 184، سویڈن میں 147، بھارت میں 136، کینیڈا میں 132، جرمنی میں 121 اور پرو میں 112 مریض دم توڑ گئے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق، ایک دن پہلے برازیل میں 881 ہلاکتیں ہوئیں جو ایک دن کا نیا ریکارڈ ہے۔ میکسیکو میں 353 اموات بھی ایک دن کا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔ امریکہ میں بدھ کی شام تک 1600 سے زیادہ اموات رپورٹ ہوچکی تھیں۔ اس طرح کل تعداد 85 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ ملک میں ایک کروڑ 2 لاکھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ مثبت آئے ہیں۔ کولوراڈو امریکہ کی 16ویں ریاست ہے جہاں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ریاست نیویارک کے 27 ہزار اور نیوجرسی کے 9700 سے زیادہ شہری موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں یہ 31 ہزار ہو چکی ہے۔ اسپین اور فرانس میں 27 ہزار اور برازیل میں 12700 سے زیادہ شہری وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ میں بدھ تک 3 لاکھ سے زیادہ افراد وائرس سے شفایاب ہوچکے تھے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here