لوہانسک:
یوکرائن میں کوئلے کی کان میں زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 کان کن ہلاک اور 13 لاپتا ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن کے دارالحکومت لوہانسک کے مغربی علاقے میں واقع کان زور دار دھماکے کے بعد دب گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے سے صرف 4 کان کنوں کی لاشیں نکالی جاسکی ہیں جب کہ 13 کان کن لاپتا ہیں، سیکیورٹی فورسز نے دھماکوں میں باغیوں کے ملوث ہونے کے امکان کا اظہار کیا ہے۔
امدادی اداروں کو کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے اور لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ پولیس نے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یہ کان باغیوں کے زیر تسلط علاقے میں واقع ہے اور 2014ء میں مسلح جھڑپوں کے دوران بند کردی گئی تھی اور حال ہی میں اس کان کو حکومت کے زیر انتظام کھولا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یوکرائن کے مغربی علاقوں میں باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی برس سے جاری ہے، یہ علاقہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور باغیوں کی جانب سے وسائل پر قبضے کے لیے حملے معمول ہیں۔