لاہور:
اداکارہ و میزبان عائشہ ثنا مختلف لوگوں کے کروڑوں روپے لے کر روپوش ہوگئیں، چیک ڈس آنر ہونے پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عائشہ ثنا نے گھریلو ضروریات اور دیگر مقاصد کے نام پر اپنے کئی دوستوں اور جاننے والوں سے لگ بھگ 2 کروڑ روپے ادھار لیے لیکن انہوں نے کسی ایک شخص کو بھی پیسے واپس نہیں کیے بلکہ وہ تین ماہ سے روپوش ہیں اور ان کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے۔
جن لوگوں نے عائشہ ثنا کو رقم ادھار دی تھی وہ اب ان کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں جب کہ ان میں سے ایک متاثرہ شخص نے عائشہ ثنا کے خلاف دھوکا دہی اور فراڈ کا مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔
شہری محمد علی معین کی طرف سے لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی میں دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عائشہ ثنا ان کی فیملی فرینڈ ہیں جنہوں نے ان سے گھریلو ضروریات کے لیے 20 لاکھ روپے ادھار لیے۔
شہری کے مطابق جب انہوں نے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو اداکارہ نے انہیں حبیب بنک کا چیک نمبر 00000051 دیا جس پر 26 مارچ 2020ء کی تاریخ درج تھی لیکن جب میں نے یہ چیک اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرایا تو رقم ناکافی ہونے کے سبب باؤنس ہوگیا لہذا عائشہ ثنا کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ علی معین کی اس درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔